اسپورٹس بجٹ میں 350 کروڑ روپیوں کا اضافہ

نئی دہلی ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزارت اسپورٹس کے بجٹ میں آج قابل ذکر اضافہ ہوا ہے جیسا کہ پارلیمنٹ میں وزیر فینانس ارون جیٹلی نے 2017-18 کا بجٹ پیش کیا جس میں اسپورٹس کے بجٹ میں 350 کروڑروپیوں کا اضافہ ہوا جو کہ گذشتہ برس 1592 کروڑ تھا لیکن اس مرتبہ یہ 1943 ہوا ہے۔ اسپورٹس بجٹ میں ایک ایسے وقت اضافہ ہوا ہے جب ہندوستانی ایتھلیٹس کامن ویلتھ گیمز اور 2018 ء ایشین گیمز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ بجٹ میں اِس لئے بھی اضافہ ہوا ہے کیوں کہ ریو اولمپکس میں ہندوستانی ایتھلیٹس کے مظاہرے مایوس کن رہے جہاں صرف ایک سلور اور ایک برونز میڈل ملک کو حاصل ہوا ہے۔ اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا جوکہ نیشنل کیمپس کا اہتمام کرتی ہے اِسے گزشتہ برس 416 کروڑ کے برعکس 481 کروڑ فراہم کئے جائیں گے۔ حیران کن طور پر معذورین کے لئے جو بجٹ پہلے 4 کروڑ مختص تھا اُس میں غیرمعمولی کمی کرتے ہوئے اب صرف ایک کروڑ کردیا گیا ہے۔ نیشنل اسپورٹس فیڈریشن کے بجٹ میں بھی اضافہ کرتے ہوئے سے 185 کروڑ سے 302 کروڑ کردیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کے لئے دیئے جانے والے بجٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اِسے 75 کروڑ ہی برقرار رکھا گیا ہے۔ نیشنل سرویس اسکیم کے تحت دیئے جانے والے بجٹ میں کسی قدر اضافہ کیا گیا ہے جو 137.50 سے بڑھاکر 144 کروڑ کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ’’کھیلو انڈیا‘‘ کے بجٹ میں واضح اضافہ کرتے ہوئے اِسے 140 کروڑ سے بڑھاکر 350 کروڑ کردیا گیا ہے۔ نیشنل اسپورٹس ڈیولپمنٹ کے فنڈ میں بھی کمی کی گئی ہے جیسا کہ یہ گزشتہ بجٹ میں 5 کروڑ تھا اور اب اِسے کم کرتے ہوئے 2 کروڑ کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ملک میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی پر 50 لاکھ روپئے دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جو بجٹ کا حصہ ہے۔