اسپنر کا نوبال ناقابل قبول : گواسکر

نئی دہلی ۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی بولروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا کہ اسپنرس کی جانب سے کیا جانے والا نوبال ناقابل قبول ہے ۔ گواسکر نے کہا کہ فاسٹ بولروں کی جانب سے یارکر یا باؤنسر کرنے کی کوشش میں جو زیادہ قوت لگائی جاتی ہے اُس کی وجہ سے نوبال کا ہونا ایک فطری عمل ہے لیکن اسپنرس کی جانب سے کیا جانے والا نوبال کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ رات ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل کے دوران روی چندرن اشون نے پہلا نوبال کیا تھا جس کے بعد ہاردیک پانڈیا نے بھی نوبال کرتے ہوئے لینڈل سیمنس کو دوسری مرتبہ مقابلے میں زندگی فراہم کی تھی ، اس پر گواسکر نے شدید تنقید کی ہے ۔ گواسکر نے یہ بھی کہا کہ اس مقابلے میں کامیابی کے ذریعہ ویسٹ انڈیز نے ثابت کردیا ہے کہ کرکٹ واحد کھلاڑی کا کھیل نہیں جیسا کہ مقابلے سے قبل کرس گیل بمقابلہ ویراٹ کوہلی کے چرچے ہورہے تھے ۔