اسپنرس ہماری طاقت،افغانستان کا ہندوستان کو انتباہ

بنگلور۔10جون(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کی ٹیم اپنا اولین ٹسٹ کھیلنے کی تیاری کر رہی ہے اور اس کا سامنا عالمی نمبر ایک ہندوستانی ٹیم سے ہے لیکن افغان کپتان اصغر ستانکزئی میں اعتماد کی قطعی کوئی کمی نہیں نظر آرہی جنہوں نے مقابلے سے ایک ہفتے قبل حریف ٹیم کیلئے انتباہ جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے پاس ہندوستان سے زیادہ بہتر اسپنرس ہیں جو ٹسٹ درجہ بندی میں نمبر چار اور پانچ مقامات پر فائز رویندرا جڈیجہ اور روی چندرن ایشون سے بھی بہتر ہیں۔ اصغر ستانکزئی نے کہا کہ ساری دنیا اس بات سے واقف ہے کہ افغانستان کے پاس راشد خان،مجیب الرحمن،محمد نبی،رحمت شاہ اور ظاہرخان جیسے انتہائی اعلیٰ معیار کے اسپن بولرس ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ افغانستان میں ابھرنے والے بیشتر نئے کھلاڑی اچھے اسپنرز ہی ہیں جو کہ راشد خان اور محمد نبی کے نقش قدم پر چلنے کی خواہش رکھتے ہیں کیونکہ افغانستان کا اسپن بولنگ کا شعبہ بہت زیادہ مضبوط ہے۔ افغان کپتان کے مطابق ان کے خیال میں افغان اسپن بولنگ کا شعبہ ہندوستان سے کہیں زیادہ بہتر ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے ہندوستان کیخلاف اولین ٹسٹ کیلئے اپنے اسپنرس پر زیادہ بھروسہ کیا ہے۔ افغانستان کے کوچ فلپ سمنز نے کہا کہ افغانستان کے اسپنرس کیلئے طویل فارمیٹ کی کرکٹ ایک نیا امتحان ہے لہٰذا اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ پہلی آزمائش میں کیا کرتے ہیں تاہم یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ وہ ہندوستانی اسپنرز کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہیں۔ سابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے واضح کیا کہ راشد خان اور مجیب الرحمن نے خود کو ایک نئی سطح پر پہنچا دیا ہے جو تسلسل کے ساتھ بہتری حاصل کر رہے ہیں لیکن چونکہ ابھی ان کو ٹسٹ کرکٹ یا چار روزہ میچوں میں بولنگ کرتے ہوئے دیکھنے کا موقع نہیں ملا ہے تو دیکھنا یہ ہوگا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا کس طرح اظہار کرتے ہیں۔