اسپرٹ آف کرکٹ میں ہند پاک میچ شامل

 

دبئی۔7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف ہندستان اورپاکستان کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ کو سال کا بہترین یادگار مقابلہ قرار دیتے ہوئے اسے ‘اسپرٹ آف کرکٹ’ مہم کے لئے شامل کیا ہے ۔ہندستان اور پاکستان نے اس سال 18 جون کو انگلینڈ میں چمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ کھیلا تھا جس میں ہندستان کو پاکستان کے خلاف 180 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر چمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں کپتان ویراٹ کوہلی سمیت کئی ہندستانی کرکٹر میچ کے اختتام کے بعد پاکستان کے شعیب ملک اور بولنگ کوچ اظہر محمود اور کئی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہنسی مذاق کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ہندستان اور پاکستان کے درمیان کوئی بھی کھیل ہو دونوں ملک کے کھلاڑی اور شائقین کے درمیان سوشل میڈیا پر جم کر زبانی جنگ ہوتی ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے میچوں میں اسٹیڈیم کھچا کھچ شائقین سے بھرا ہوا رہتا ہے اور دونوں ٹیم ایک دوسرے کے خلاف ہونے والے میچوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں کئی مرتبہ نوک جھونک بھی دیکھنے کو ملی ہے۔