اسٹیورٹ بنی ٹاپ 10 میں شمولیت پر حیران

میرپور، 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے ونڈے میں محض 4 رنز کے عوض 6 وکٹیں لے کر میان آف دی میچ قرار دیئے جانے والے ہندوستانی میڈیم فاسٹ بولر اسٹیورٹ بنی ونڈے کرکٹ میں ہندوستان کی جانب سے بہترین بولنگ کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے کیونکہ اس سے قبل لیگ اسپنر انیل کمبلے نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 1993ء میں صرف 12 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ چھ وکٹوں کیلئے سب سے کم رنز دینے والے بولر بھی بن گئے ہیں۔ بنی کا کہنا ہے کہ انہیں کسی بھی موقع پر یہ احساس نہیں ہوا کہ وہ میچ سے باہر ہو چکے ہیں بلکہ انہیں کامیابی کی امید تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ لائن اور لینتھ کے ساتھ سوئنگ پر بھروسہ کرتے ہیں اور میرپور میں حالات سوئنگ بولنگ کیلئے سازگار تھے، لہٰذا وہ اپنی کامیابی پر حیران نہیں ہیں لیکن ونڈے کے ٹاپ 10 بولروں میں شمولیت پر انہیں ضرور حیرت ہوئی ہے۔