ڈھاکہ ، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسٹار جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے ٹسٹ کرکٹ میں پھینکی گئی گیندوں کے اعتبار سے تیزترین 400 وکٹیں مکمل کر لی ہیں۔ 32 سالہ فاسٹ بولر نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف جاری دوسرے ٹسٹ میچ کے پہلے دن اپنے تیسرے اوور میں تمیم اقبال کو آؤٹ کر کے ٹسٹ کرکٹ میں 400 وکٹیں مکمل کیں۔ انہوں نے یہ اعزاز اپنے 80ویں ٹسٹ میں اپنے نام کیا جس کے ساتھ ہی وہ تیز ترین 400 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر نیوزی لینڈ کے سر رچرڈ ہیڈلی کے ریکارڈ میں حصے دار بن گئے ہیں۔ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 400 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز عظیم سری لنکن اسپنر متیا مرلی دھرن کو حاصل ہے جنہوں نے 72ویں ٹسٹ میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا۔وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے جنوبی افریقہ کے دوسرے بولر ہیں جہاں اس سے قبل صرف شان پولاک کو یہ اعزاز حاصل تھا۔ 2008 میں ریٹائر ہونے والے پولاک نے کیریئر میں 421 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اسٹین 400 وکٹیں لینے والے دنیا کے 13ویں بولر ہیں اور اس فہرست میں مر لی دھرن 800 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں۔