لندن۔5 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی رواں برس آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں شرکت خطرے میں پڑ گئی ہے اور اگر انگلش ٹیم کی آسٹریلیا روانگی سے قبل بین اسٹوکس کے خلاف پولیس تحقیقات جاری رہیں تو آل راؤنڈر ایشز سیریز سے دستبردار ہو جائیں گے۔مجوزہ سیریز کے تحت انگلش ٹیم سال کی سب سے بڑی ایشز سیریز کیلئے 28 اکتوبر کو آسٹریلیا روانہ ہو گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز 23 نومبر کو برسبین ٹسٹ سے ہو گا۔25 ستمبر کو برسٹل نائٹ کلب کے باہر مبینہ طور پر جھگڑے میں ملوث ہونے پر پولیس نے اسٹوکس کو گرفتار کیا تھا اور ایک رات قید میں رکھنے کے بعد انہیں الزام لگائے بغیر رہا کر دیا تھا۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے واقعہ پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹوکس اور ان کا ساتھ دینے والے ایلکس ہیلز کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے سیریز کے آخری دونوں میچز سے معطل کر دیا تھا تاہم اس کے باوجود انگلش سلیکٹرز نے اسٹوکس کو ایشز سیریز کیلئے ٹیم کا نائب کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا لیکن بعدازاں جھگڑے کی وڈیو منظر عام پرآنے کے بعد ای سی بی نے اگلے نوٹس تک دونوں کھلاڑیوں اسٹوکس اور ہیلز کو معطل کر دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق اگر دورۂ آسٹریلیا تک اسٹوکس کے خلاف پولیس تحقیقات جاری رہیں تو اس صورت میں آل راؤنڈر ایشز سیریز میں انگلش ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے لیکن اگر ٹیم کی روانگی سے قبل تحقیقات مکمل ہو گئیں تو انگلش کرکٹ بورڈ اسٹوکس کی ایشز سیریز میں شرکت کا فیصلہ کرے گا۔واضح رہے کہ انگلش ٹیم ایشز سیریز میں خطاب کے دفاع کیلئے کھیلے گی۔