اسٹوکس کا آل راؤنڈ مظاہرہ،انگلینڈ فاتح

ماؤنٹ مانگ نوئی۔28 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) تقریبا پانچ ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے والے مین آف دی میچ بین اسٹوکس کی 42 رنز پر دو وکٹ اور ناٹ آؤٹ63 رنز آل راونڈ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو یہاں آج دوسرے ونڈے میں73 گیندیں باقی رہتے چھ وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی ونڈے سیریز میں1-1 سے برابری کرلی۔نیوزی لینڈ نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے49.4 اوورس میں223 رنز بنائے جسے انگلینڈ نے37.5 اوورس میں چار وکٹ پر225 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے ونڈے میں اپنے گھر میں مسلسل نو میچوں سے ناقابل تسخیر نیوزی لینڈ کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔اسٹوکس نے74 گیندوں پر ناٹ آؤٹ63 رنز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کپتان ایان مورگن نے63 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی بدولت62 رنز کی اننگز کھیلی۔ جانی بیرسٹو نے39 گیندوں پر37 رنز میں پانچ چوکے اورایک چھکا لگایا۔ اس کے علاوہ وکٹ کیپر جوس بٹلر نے 20 گیندوں ناٹ آؤٹ36 رنز کی طوفانی اننگز میں دو چوکے اور تین چھکے لگائے ۔ بٹلر نے سینٹنر کی گیند پر چھکا مار کر ٹیم کو کامیابی دلا ئی۔ا سٹوکس نے مورگن کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے88 اور بٹلر کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے51 رنز کی ناٹ آوٹ ساجھے داری سے انگلینڈ کی جیت یقینی بنا ئی۔نیوزی لینڈ کے لئے ٹرینٹ بولٹ نے46 رن کے عوض دو وکٹ اور لاکي فرگیوسن نے48 رنز پر ایک وکٹ اورکولن منرو نے23 رنز پر ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں مارٹن گپٹل نے87 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے50 اورآٹھویں نمبر پر مشیل سینٹنر نے 52 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 63 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔کولن ڈی گرینڈہوم نے40 گیندوں پر38 رنز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ وکٹ کیپر ٹام لاتھم نے22 اورلاکي فرگیوسن نے 19 رن بنائے ۔میزبان ٹیم کے پانچ بیٹسمین دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے جبکہ چار بیٹسمین رن آوٹ ہوئے ۔انگلینڈ کے لئے معین علی نے 33 رن پر دو وکٹ، اسٹوکس نے 42 رن پر دو وکٹ اور کرس ووکس نے 42 رن پر دو وکٹ حاصل کئے ۔اسٹوکس کو ان کی آل راونڈ کارکردگی کے لئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔