اسٹوڈنٹ سے بدفعلی پر ٹیچر کو تین سال کی سزا

حیدرآباد ۔ /25 اپریل، ( سیاست نیوز) کم عمر طالب علم سے جنسی بد فعلی میں ملوث ایک خانگی ٹیچر کو نامپلی میٹرو پولیٹن کورٹ کے فرسٹ ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج نے تین سال کی سزاء اور جرمانہ عائد کیا۔ مونڈھا مارکٹ پولیس نے سال 2016 میں 42 سالہ کے سنیل ساکن سیکنڈ بازار سکندرآباد کو دسویں جماعت کے طالب علم سے بدفعلی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم ٹیچر کم عمر طالب علم کو بچپن سے ٹیوشن پڑھایا کرتا تھا اور آٹھویں جماعت میں پہنچنے پر وہ اس سے مخرب الاخلاق گفتگو کرنے لگا اور اسے 17 جولائی کو جنسی طور پر ہراساں کرتے ہوئے اس سے بدفعلی کی تھی۔ مارکٹ پولیس نے خانگی ٹیچر کو گرفتار کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا تھا اور بعد ازاں اس کے خلاف نامپلی میٹرو پولیٹن کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ جج نے کیس کی سماعت کے بعد کے سنیل کو قصوروار پائے جانے پر اسے تین سال کی قید بامشقت اور 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا۔