اسٹار ہوٹلس میں توجہ ہٹاکر لوٹنے والا عادی سارق گرفتار

حیدرآباد 17 جولائی (سیاست نیوز) توجہ ہٹاکر اسٹار ہوٹلس میں قیمتی اشیاء کا سرقہ کرنے والے ایک عادی سارق کو گوپال پورم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون بی سومتی نے بتایا کہ 38 سالہ سرتک راؤ ببرس متوطن انڈومان نکوبار آئی لینڈ اسٹار ہوٹلس میں توجہ ہٹاکر طلائی زیورات کا سرقہ کیا کرتا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ سرتک راؤ نے ملک کے مختلف شہروں بشمول لکھنؤ، نئی دہلی، کولکاتا، ممبئی میں سرقہ کی کئی وارداتیں انجام دیں۔ انھوں نے کہاکہ گرفتار سارق دسویں جماعت کے بعد تعلیم ترک کردیا تھا اور اُس نے ممبئی پہونچ کر ملازمت کی تلاش کی لیکن وہ ناکام رہا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ سرتک راؤ ببرس ایک عادی سارق ہے اور وہ فرضی شناختی کارڈ کی بنیاد پر اسٹار ہوٹلس میں کرایے پر کمرے حاصل کرنے کے بعد وہاں پر موجود افراد کی توجہ ہٹاکر قیمتی اشیاء کا سرقہ کیا کرتا تھا۔ اُنھوں نے بتایا کہ 4 جولائی کو مذکورہ سارق نے سونے دوچانیا نامی شخص کے دو طلائی چین کا ہوٹل بسیرا سکندرآباد میں سرقہ کرکے فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم کے قبضہ سے 19 تولے طلائی زیورات، 25 ہزار نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے گئے۔