ایسٹ رودرفورڈ (نیو جرسی) ، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) لیونل میسی 13 سال کی عمر میں اسپین کے بارسلونا کی اکیڈمی میں تربیت کیلئے داخل ہوئے جبکہ 1994ء میں ارجنٹینا کے کلب نیولز اولڈ بوائز میں شامل ہوئے اور 2000ء تک کلب کی نمائندگی کی۔ میسی 2001ء میں بارسلونا کی نوجوان ٹیم کا حصہ بن گئے جس کے بعد وہ مسلسل بارسلونا کیلئے کھیلتے رہے اور 2004ء میں سینئر ٹیم میں شامل کرلئے گئے اور اب تک کلب کو کئی خطابی فتوحات دلائے ہیں۔ 2004ء میں میسی نے ارجنٹینا کی انڈر 20 ٹیم کی جانب سے بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کیا اور ایک سال کے دوران 18 میچوں میں 14 گول کئے اور 2005ء میں نیشنل ٹیم میں شامل ہوئے اور تاحال 112 میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ میسی نے گزشتہ روز اختتام پذیر کوپا امریکا کپ میں ہی ارجنٹینا کی جانب سے سب سے زیادہ 55 گول کرنے کا نیشنل ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ میسی نے 2009ء میں پہلی دفعہ سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ 2010ء سے شروع ہونے والے بیلن ڈی اور ایوارڈ مسلسل تین سال 2010،2011 اور 2012ء اور پھر 2015 میں جیت کر پانچ دفعہ بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرکے نیا ریکارڈ بنایا۔