اسٹار اسپورٹس پرو کبڈی لیگ

جئے پور ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) کبڈی کے اسٹار کھلاڑی پردیپ نروال نے سنسنی خیز مظاہرہ پیش کیا جبکہ ڈیفنڈنگ چمپینس پٹنہ پائریٹس نے سابق چمپینس یو ممبا کو یہاں اسٹار اسپورٹس پرو کبڈی لیگ کے سخت مقابلے میں 36-34 سے ہرا دیا۔ پردیپ کو میچ کا ’بسٹ ریڈر (raider)‘ کا اعزاز ملا جبکہ پٹنہ کے ہی باجی راؤ ہوڈاگے بسٹ ڈیفنڈر قرار پائے۔ متواتر دوسری جیت پر پٹنہ ٹیم کو لیگ میں دوسرا مقام حاصل ہوا جبکہ ممبا کی بدستور ٹیبل میں چھٹی پوزیشن ہے۔ ان ٹیموں کا آخری مرتبہ پرو کبڈی سیزن 3 کے فائنلز میں مقابلہ ہوا تھا جہاں پٹنہ پائریٹس نے یو ممبا کو 31-28 سے شکست دی تھی۔

 

نئی دہلی آئی ایس ایس ایف
شوٹنگ ورلڈ کپ 2017ء کا میزبان
نئی دہلی ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹ فیڈریشن (آئی ایس ایس ایف) ایگزیکٹیو کمیٹی نے ورلڈ کپ فائنلز کا 2017ء ایڈیشن دہلی کو سونپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایگزیکٹیو کمیٹی کی گزشتہ روز ماسکو میں منعقدہ میٹنگ میں کیا گیا۔ یہ ایونٹ کی آئندہ سال اکٹوبر میں میزبانی کی جائے گی۔ یہ آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ سیریز کے علاوہ ہے جس کا دارالحکومت میں فبروری میں انعقاد طے ہوچکا ہے۔ صدر نیشنل رائفل اسوسی ایشن آف انڈیا رنندر سنگھ کو اسی میٹنگ میں باوقار ’’آئی ایس ایس ایف پریسیڈنٹ بٹن‘‘ بھی نوازا گیا کہ انھوں نے اس کھیل کے فروغ میں گرانقدر رول ادا کیا ہے۔