اسٹارک ہندوستانی بیٹسمینوں کے ذہنوں پر سوار

بنگلور۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی آل رائونڈر میچل مارش خوش ہیں کہ ان کے ساتھی فاسٹ بولر مچل اسٹارک ہندوستانی بیٹسمینوں کو پریشان کررہے ہیں۔ اسٹارک نے پہلے ہی ٹسٹ میں شاندار فارم میں موجود حریف بیٹسمین چیٹیشور پوجارا اور حریف کپتان ویراٹ کوہلی کو سستے میں ہی پویلین کی راہ دکھادی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹارک اس وقت ہندوستانی بیٹسمینوں کے ذہنوں پر سوار ہیں اور امید ہے کہ وہ سیریز میں آسٹریلیا ٹیم کے لیے مزید وکٹیں حاصل کریں گے۔ آل رائونڈر نے ہندوستان کی وکٹوں پر بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اسٹارک کو آسٹریلیائی ٹیم کا اصل ہتھیار قرار دیا کیوں کہ وہ نئی گیند سے سوئنگ کروانے کے علاوہ پرانی گیند سے ریورس سوئنگ بھی کرتے ہیں اور ان حالات میں بیٹسمینوں کے لیے مشکلات ہوتی ہیں۔ ہفتہ کو یہاں بینگلور میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ کے تناظر میں انہوں نے مزید کہا کہ اسٹارک اس وقت نہ صرف دنیا کے سب سے بہترین بولر ہیں بلکہ ہندوستانی حالات میں بھی وہ دنیا کے بہترین بولر ہیں۔ مارش کے بموجب ہیزل ووڈ اور اسٹارک میں یہ صلاحیتیں موجود ہیں کہ وہ پرانی گیند سے بھی بیٹسمینوں کو پریشان کرسکتے ہیں اور یہی وہ چیز ہے کہ آسٹریلیائی ٹیم کے حوصلے بڑھارہی ہے۔

 

23 کیاچس چھوڑنے کے بعد ہندوستانی فیلڈروں کی اب سخت محنت

بنگلور۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)گزشتہ 10 ٹسٹ مقابلوں میں 23 کیچ  چھوڑنے  اور پونے میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں پانچ کیچ گنوانے کے بعد اگر ہندستانی ٹیم کو اب بنگلور کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں ہفتے کو شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میں واپسی کرنی ہے تو اس کے فیلڈروں  کو اپنے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے۔پونے ٹسٹ میں 333 رن کی شکست کے بعد یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ ہندستانی  فیلڈروں نے گزشتہ 10 ٹسٹ میچوں میں کم از کم 23 کیچ چھوڑے ہیں اگر ہندستان پونے میں جیت گیا ہوتا تو یہ حقیقت سامنے نہیں آتی لیکن شکست کے بعد ہی تمام کمزوریا ں سامنے آتی ہیں۔ ہندستان نے پونے ٹسٹ میں آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 155 رنز کی برتری دی تھی۔دوسری اننگز میں اس کے پاس واپسی کا موقع تھا لیکن ایک کے بعد ایک ڈراپ کیچز نے ہاتھ سے سارا معاملہ نکال دیا۔آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے کئی مواقع کا فائدہ اٹھا کر شاندار سنچری بنائی اور آسٹریلیا کو مضبوط موقف میں پہنچا ۔گزشتہ ٹسٹ کو دیکھا جائے تو کیچ، سلپ، گلیوں اور وکٹ کے پیچھے چھوٹے۔پونے میں قریبی فیلڈروں  نے اسپنروں کی بولنگ  پر کیچ گرائے جس کا ہندوستان کا سب سے زیادہ نقصان ہوا۔بنگلور ٹسٹ سے پہلے ہندستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں ایک بات صاف طور پر سامنے آئی ہے کہ کھلاڑی کیچز کیلئے جم کر مشق کر رہے ہیں۔کوچ نے کہا کہ 19 میچوں میں مسلسل ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ ایک نہ ایک دن تو ٹوٹنا ہی تھا۔اسے برقرار رکھنا ناممکن کام ہوتا ہے۔آپ ہر میچ نہیں جیت سکتے۔ایک وقت یہ سلسلہ ٹوٹتا ہی۔لیکن بین الاقوامی کرکٹ کی موجودہ صورتحال میں مسلسل 19 میچوں میں ناقابل شکست رہنا ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم نے مختلف حالات میں یہ کارنامہ کیا ہے۔چاہے بات سری لنکا کی ہو، ویسٹ انڈیز یا پھر ہندوستان کی ‘ہم نے بہترین ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل کی، مشکل حالات میں رہتے ہیں، مختلف حالات میں خود کو ڈھالا لیکن گزشتہ میچ میں ایسا نہیں کر پائے۔ ہمیں اب اگلے میچ کا انتظار ہے جسے ہم جیتنا چاہتے ہیں۔کمبلے نے اس بات کو مسترد کر دیا کہ ہندستانی ٹیم پونے میں ڈی آرایس کا صحیح استعمال نہیں کر پائی۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف گزشتہ دو سیریز میں ڈی آرایس کا آغاز ہوا اور ہم نے مخالف ٹیم کے مقابلے اس کا کہیں بہتر استعمال کیا۔