سڈنی۔8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) فاسٹ بولر مچل اسٹارک، تجربہ کار اسپنر ناتھن لیون اور آل راؤنڈر مچل مارش کو جنوبی افریقہ اور ہندستان کے خلاف آئندہ ٹوئنٹی 20 سیریز کے لئے آسٹریلیائی ٹیم سے آرام دیا گیا ہے ۔ ہندستان کے خلاف گھریلو ٹسٹ سیریز کو ذہن میں رکھتے ہوئے سینئر کھلاڑیوں کو معلنہ آسٹریلیائی ٹوئنٹی20 ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے ۔ ٹیم کے کوچ جسٹن لانگر نے کہا کہ ان تینوں کھلاڑیوں اور پیٹر سیڈل کو ٹوئنٹی 20 ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے اور ہندستان کے خلاف آئندہ چار ٹسٹ میچوں کی سیریز اور سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے پیش نظر فی الحال اچھا ہو گا کہ یہ شیفیلڈ شیلڈ کرکٹ کھیلیں۔ اسٹارک، لیون اور مارش کی غیر موجودگی میں مارکس اسٹوئنس اور جیسن کے پاس13 رکنی ٹیم میں خود کو ثابت کرنے کا موقع رہے گا۔ آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ سے ایک اور ہندستان کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 میچ کھیلنے ہیں۔لانگر نے کہاکہ یو اے ای سے واپسی کے بعد ہمارا گھریلو طویل سیزن ہے ۔ ہمیں عالمی کپ اور ایشیز میں بھی کھیلنا ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم ٹوئنٹی 20 میں بھی اپنی بہترین ٹیم اتاریں اور ٹسٹ میں بھی ہماری تیاری اچھی رہے ۔ہندستان کیخلاف مشکل ٹسٹ سیریز کے پیش نظر ان کو آرام دیا گیا۔