اسٹارک ایشزسیریز میں جانسن 2 بننے کے خواہاں

سڈنی۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ناکامیوں اور فٹنس مسائل سے پریشان آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کو بڑی اور اچھی خبر مل گئی جیسا کہ اہم فاسٹ بولر مچل اسٹارک فٹ ہوکر واپسی کیلئے تیار ہیں۔ وہ جمعہ کو سائوتھ آسٹریلیا کے خلاف ونڈے میچ میں نیو ساوتھ ویلز کی نمائندگی کریں گے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اسٹارک رواں برس جون میں چیمپئنز ٹرافی کے دوران پیر کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔ آسٹریلیاکے اسسٹنٹ کوچ ڈیوڈ سیکر نے تصدیق کی ہے کہ جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز کے ساتھ ایشز سیریز کیلئے اسٹارک دستیاب ہوں گے۔واپسی پر کافی پرعزم نظر آرہے اسٹارک نے کہا ہے کہ وہ ایشزمیں میچل جانسن 2 بننے کے خواہاں ہیں جیسا کہ سابق بولر نے 2013-14 کی سیریزکے دوران انگلش ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کیا تھا اوراب وہ اس مظاہرہ کو دہرانے کا خواہاں ہیں۔ یاد رہے کہ جانسن نے اس سیریز میں انگلش ٹاپ آرڈر کو اپنا نوالہ تر بناتے ہوئے 37 وکٹیں حاصل کی تھیں اور آسٹریلیا نے سیریز 5-0 سے اپنے نام کی تھی۔