اسوہ رسول ؐ ساری انسانیت کیلئے مشعل راہ

مکتھل۔/16جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضور اکرم ؐ کی ولادت باسعادت تمام دنیائے انسانیت ہی نہیں بلکہ پوری کائنات کیلئے باعث رحمت ہے اور آپؐ کی بابرکت حیات طیبہ قیامت تک آنے والی انسانیت کیلئے مشعل راہ اور بہترین نمونہ ہے اور آپؐ کی رحمت پر مبنی تعلیمات ہی دنیائے انسانیت کی ترقی و کامیابی کا ضامن ہیں۔ لہذا ہم سب کو حضور اکرمؐ کی ولادت باسعادت کے اس مقدس و بابرکت موقع پر عہد کرنا چاہیئے کہ آپؐ کی تعلیمات پر عمل آوری کے ذریعہ امن عالم اور دنیائے جہاں میں امن و آشتی، اخوت و بھائی چارگی اور انسانی خدمت کے بے لوث پیغام و پیام کو عام کرتے ہوئے ترقی و کامیابی کی راہ ہموار کریں گے۔

مکتھل مستقر کی جامع مسجد میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ سیرت النبیؐ کو مخاطب کرتے ہوئے حضرت مولانا زبیر احمد خان رشادی صدر مجلس العلماء و الائمہ ضلع کرنول نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں طلباء مدرسہ فیض العلوم کے مختصر تعلیمی مظاہرہ کے بعد مولانا جابر حسینی رشادی اور مولانا عبدالقوی حسامی نے بھی اس جلسہ کو مخاطب کیا اور ملت اسلامیہ پر زور دیا کہ وہ نبی رحمتؐ کی سیرت پر عمل آوری کو یقینی بنائیں جبکہ مسلم نوجوانان مکتھل نے یوم میلادالنبیؐ کو’’ یوم رحمت ‘‘ کے طور پر مناتے ہوئے محلہ برہان گڈہ میں برادران وطن اور غیر مسلم سیاسی قائدین کے ساتھ ایک پراثر جلسہ کا اہتمام کیا۔ جس کی صدارت محمد پاشاہ صدر مسجد نور نے کی۔ جلسہ کو مولانا عبدالقوی حسامی نے مخاطب کرتے ہوئے نبی رحمتؐ کے حسن سلوک اور اسلام میں انسانی خدمت کی اہمیت اور غیر مسلم دانشوروں کے حضور اکرمؐ کے بارے میں مثبت خیالات پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔

اس جلسہ کو سابق رکن اسمبلی مکتھل سی رام موہن ریڈی، تلگودیشم پارٹی سینئر قائد مسٹر بی چندرا کانت گوڑ، بی جے پی قائدین مسٹر بی کونڈیا اور کرنی سوامی کے علاوہ کانگریس قائدین اکلا ستیہ نارائنا، کٹا سوری نائب سرپنچ مکتھل، مدھوسدن ریڈی، شیکھر گوڑ، بی نرسملو، چندرا شیکھر سی پی آئی و دیگر نے مخاطب کیا اور مسلمانوں کو میلادالنبیؐ کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر نوجوانان محلہ برہان گڈہ نے مستقر کے سرکاری دواخانہ میں مریضوں میں پھل کی تقسیم کے علاوہ غریب و پسماندہ مسلم اور غیر مسلم خاندانوں میں 100عدد ساڑیاں تقسیم کی جبکہ اس جلسہ میں تمام شرکاء کی شیر خورمہ کے ذریعہ ضیافت کی گئی۔ اس موقع پر سرپنچ مکتھل شریمتی بھاگیہ چندرا کانت گوڑ و دیگر قائدین موجود تھے۔ بعد ازاں نوجوانوں پر مشتمل ایک جلوس نکالا گیا جو مسجد نور سے درگاہ حضرت جلال بابا ؒ پر اختتام عمل میں آیا۔