حیدرآباد 12 ستمبر (سیاست نیوز) شاہین نگر کے بدنام زمانہ ’اسنیک گینگ‘ کی جانب سے بے بس لڑکی کی عصمت ریزی کی ویڈیو کلیپنگ کو واٹس اپ کے ذریعہ پھیلانے کے الزام میں سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے کنگ کوٹھی کے ساکن چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر سائبر کرائم مسٹر محمد ریاض الدین نے بتایا کہ 31 جولائی کو بد نام زمانہ ’اسنیک گینگ‘ کے ارکان نے پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن حدود میں لڑکی کی عصمت ریزی کی تھی اور اس واقعہ کی موبائیل فون کے ذریعہ ویڈیو گرافی بھی کی گئی تھی۔ گرفتاری کے بعد اس ویڈیو کلیپنگ کو واٹس کے ذریعہ پھیلایا گیا تھا اور اس سلسلہ میں سابق میں پولیس نے محمد اکبر شریف، سید عمران علی اور محمد علیم الدین کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں دیدیا گیا تھا۔ اس قابل اعتراض ویڈیو کلیپنگ کو واٹس اپ کے ذریعہ عام کرنے کے الزام میں سائبر کرائم پولیس نے مزید چار افراد سید بن سالم، محمد بن ابراہیم، محسن عمر الجابری اور حبیب عثمان الکاف ساکن کنگ کوٹھی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے چار موبائیل فونس ضبط کرلئے گئے۔ گرفتار ملزمین کو عدالتی تحویل میں دیدیا گیا۔