اٹلانٹا۔30 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) اٹلانٹا اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے مینز سنگلز فائنل میں امریکی کھلاڑی جان اسنر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہم وطن ریان ہریسن کو شکست دے کر چھٹے سال میں پانچویں مرتبہ خطاب جیت لیا۔جارجیا یونیورسٹی کے سابق اسٹار ٹینس کھلاڑی نے میچ جیتنے کے بعد کہا کہ مجھے یہ میچ جیت کر انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے اور تھکن کا کوئی احساس نہیں۔ ٹاپ سیڈ اسنر نے یہ مقابلہ 7-5،3-6 اور 4-6 سے جیت لیا۔ قبل ازیں جان اسنر اور ریان ہریسن فتوحات برقرار رکھتے ہوئے اٹلانٹا اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے فائنل میں پہنچنے کیلئے اپنے اپنے حریف کو با آسانی شکست دیدی۔پہلے مینز سنگلز سیمی فائنل میں امریکی کھلاڑی جان اسنر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف آسٹریلیائی کھلاڑی میتھیو ایبڈن کو زبردست مقابلے کے بعد 6-4، 6-7 اور 6-1 سے شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں امریکہ کے ہی ریان ہریسن نے کیمرون نورائی کو 2-6، 6-3 اور 6-2 سے ہرا کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیاتھا۔