اسمگلنگ اور سرقہ کی وارداتوں کی روک تھام کی ہدایت

عادل آباد۔ 9 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع عادل آباد میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران جرائم کے واقعات میں جہاں ایک طرف کمی آئی، وہیں دوسری طرف سڑک حادثات، سرقہ کی وارادتوں، خودکشی اور دام الفت میں گرفتار ہونے کے واقعات کی کثرت پائی گئی جن پر قابو پانے کی ہدایت ڈی آئی جی کریم نگر رینج مسٹر آر بھیما نائیک نے ضلع کے تمام پولیس عہدیداروں کو دی۔ موصوف مستقر عادل آباد کے ضلع پرجا پریشد ہال میں گزشتہ چھ ماہ کا جائزہ ’’کرائم‘‘ اجلاس کے دوران ضلع کے تمام پولیس عہدیداروں سے مخاطب تھے جبکہ اس موقع پر ضلع ایس پی مسٹر جی بھوپال، ایڈیشنل ایس پی مسٹر پانا سا ریڈی بھی موجود تھے۔ آئندہ منعقد ہونے والے اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر پولیس کو چوکس رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے ڈیویژن اور منڈل جات کی سطح پر محکمہ جنگلات، آبکاری، فائر سرویس اور عدالت کے عہدیداروں سے بہتر مراسم بنائے رکھنے کی ہدایت پولیس کو دی۔ عوامی مسائل کو حل کرتے ہوئے پولیس کو اپنا معیار بلند کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ ڈی آئی جی مسٹر آر بھیما نائیک نے رشوت کا بازار گرم نہ کرتے ہوئے ایمانداری سے خدمات انجام دینے کی بھی ہدایت دی۔

اس اجلاس میں موجود مختلف سرکاری محکمہ جات کے ذمہ دار عہدیداروں سے بھی تجاویز قبول کیں جن میں عدالت کے پی پی مسٹر رام بابو نے عدالت میں زیردوران مقدمات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ محکمہ جنگلات مسٹر شیکھر ریڈی نے اچوڑہ، گوڑی تنہور، اوٹنور، نارنور جنگلات سے ساگوان کی لکڑی کی اسمگلنگ میں پولیس تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ محکمہ آبکاری اسسٹنٹ کمشنر مسٹر چندر شیکھر نے ناجائز شراب کی منتقلی کے تدارک اور ضلع میں پانچ چیک پوسٹ کو ناکافی قرار دیا۔ محکمہ فائر سرویس کے ذمہ دار نے ضلع میں کپاس اور سویابین کی خاطر خواہ تجارت اور جیننگ فیکٹریوں میں برقی حادثات پر قابو پانے والے آلات کو نصب کرانے کا مشورہ دیا۔ ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر مسٹر سوامی نے کہا کہ پولیس تعاون سے بیشتر مواضعات، منڈل جات میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے عوام کو طبی امداد پہنچائی گئی۔ DGM اسٹیٹ بینک حیدرآباد ٹٹوکر نے ATM مراکز پر مکمل حفاظتی انتظامات کا تذکرہ کیا۔ ضلع عادل آباد کے 10 اسمبلی حلقہ جات، 5 ڈیویژن سے تعلق رکھنے والے تمام پولیس عہدیداروں نے اس اجلاس میں شرکت کی۔