اسمتھ 5 ویں اور کوہلی 15 ویں مقام پر پہونچ گئے

دوبئی 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹسمین ویراٹ کوہلی آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں 4 مقامات کی ترقی کے ساتھ اب 15 ویں مقام پر پہونچ چکے ہیں۔ جیسا کہ ملبورن میں منعقدہ باکسنگ ڈے ٹسٹ میں کوہلی نے پھر ایک مرتبہ بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ باکسنگ ڈے ٹسٹ میں میزبان آسٹریلیائی ٹیم کے نوجوان کپتان اسٹیو اسمتھ جنھوں نے اپنے کرئیر کی سب سے بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 192 رنز اسکور کئے ہیں جس کی بدولت وہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں دو مقامات کی ترقی کے بعد کرئیر میں پہلی مرتبہ پانچواں مقام حاصل کرلیا ہے۔ ٹسٹ کے بہترین بیٹسمنوں کی فہرست میں جنوبی افریقی بیٹسمین اے بی ڈی ولیئرس پہلے، سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا دوسرے، جنوبی افریقی ٹسٹ ٹیم کے کپتان ہاشم آملہ تیسرے اور سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز چوتھے مقام پر فائز ہیں۔ علاوہ ازیں باکسنگ ڈے کے موقع پر سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹسٹ مقابلہ منعقد ہوا جبکہ جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ کھیلا ہے۔ کمارا سنگاکارا جوکہ باکسنگ ڈے ٹسٹ سے قبل آئی سی سی کے سرفہرست 20 ٹسٹ بیٹسمنوں میں پہلے مقام پر تھے لیکن اِس مقابلہ میں ناقص مظاہرے اور دوسری جانب اے بی ڈی ولیئرس کی شاندار سنچری کی بدولت سنگاکارا کو پہلا مقام ڈی ولیئرس کے لئے خالی کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکالم جنھوں نے 195 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اُس کی بدولت وہ دو مقامات کی ترقی کرتے ہوئے کرئیر میں پہلی مرتبہ 12 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔