اسمتھ کے 199 رنز ‘ویسٹ انڈیز کوشکست کا خطرہ

کنگسٹن ۔13 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان جاری 2میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ سبینا پارک،کنگسٹن میں کھیلا جارہا ہیجہاں مہمان بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کے شاندار 199 رنز کے بعد ویسٹ انڈیز پر ایک اور شکست کے بادل مزید گہرے ہوگئے ہیں۔ میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 258رنز 4وکٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 399رنز کے اسکور پر آوٹ ہوگئی ۔مہمان ٹیم کی جانب سے اسٹیون اسمتھ نے شاندار 199رنز کی اننگز کھیلی جس میں21 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں جبکہ وہ ایک رن کی کمی سے ڈبل سنچری سے محروم رہے۔دریں اثناء میزبان ٹیم کی جانب سے جیروم ٹیلر نے 47رنز کے عوض 6وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا کے 399رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز بیٹنگ بری طرح لڑکھڑاگئی اور صرف 143رنز پر اپنی 8وکٹیں گنوا بیٹھی ہے۔ ٹیم کی جانب سے جرمین بلیک ووڈ 51رنز کے ساتھ مہمان ٹیم کے بولروں کا سامنا کیا ۔مہمان ٹیم کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لئن نیفی کس 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیزکو ابھی مہمان ٹیم کا خسارہ پورا کرنے کے لئے مزید 256 رنز درکار ہیں۔