ملبورن 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کپتان اسٹیون اسمتھ کی ناقابل تسخیر نصف سنچری کے باوجود آسٹریلیائی ٹیم یہاں ہندوستان کے خلاف شروع ہوئے تیسرے ٹسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 269 رنز ہی اسکور کرپائی ہے اور اسے پانچ وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ پہلے دن کا کھیل پر کسی بھی ٹیم کا مکمل غلبہ نہیں رہا بلکہ ہندوستانی ٹیم نے جہاں بہترین شروعات کی وہیں دوسرے سیشن میں بائیں ہاتھ کے اوپنر کرس راجرس اور شین واٹسن نے نصف سنچریاں اسکور کرنے کے علاوہ دوسری وکٹ کیلئے 115 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی۔ اسمتھ نے ٹاس جیت کر بیاٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم آسٹریلیا کو مقابلے کے آغاز پر ہی پہلا نقصان اس وقت برداشت کرنا پڑا جب اومیش یادو نے مقابلے کے دوسرے ہی اوور میں میزبان ٹیم کے خطرناک بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کو صفر کے اسکور پر پویلین لوٹا دیا۔ شاندار آغاز کا ہندوستانی بولرس فائدہ نہیں اٹھاپائے جیسا کہ شین واٹسن نے 89 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 52 اور راجرس نے 126 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 57 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے موقف کو مستحکم کرنا شروع کیا ۔
مسلسل دو اوورس میں راجرس اور واٹسن کے آوٹ ہونے کے بعد ایک موقع پر آسٹریلیائی ٹیم 184 رنز کے مجموعی اسکور پر چار وکٹوں کے نقصان سے پریشان تھی لیکن اسمتھ اور وکٹ کیپر بیٹسمین براڈ ہاڈین نے چھٹی وکٹ کیلئے 43 رنز کی ناقابل تسخیر پارٹنر شپ نبھالی ہے ۔ میزبان ٹیم کے نوجوان کپتان اسمتھ سیریز کی متواتر تیسری سنچری کی سمت گامزن ہیں جیسا کہ انہوں نے تاحال 158 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے غیر مفتوح 72 رنز اسکور کرلئے ہیں جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل ہیں۔ مسلسل ناقص فام کا شکار براڈ ہاڈین نے بلآخر کسی قدر بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 53 گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 23 ناٹ آؤٹ رنز اسکور کرلئے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف باکسنگ ڈے ٹسٹ کے ذریعہ اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے نوجوان بیٹسمین جیوبرنس جن کے متعلق بہت کچھ کہا اور لکھا گیا تھا انہوں نے اپنے ٹسٹ کیرئیر کا پُر اعتماد آغاز کرنے کے علاوہ چند دلکش اسٹروکس کھیلے تاہم وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے جنہیں اومیش یادو نے وکٹوں کے پیچھے مہیندر سنگھ دھونی کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا۔
برنس نے 27 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 13 رنز اسکور کئے ۔ آوٹ ہونے والے ایک اور کھلاڑی شان مارش رہے جنہوں نے 83 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے ۔ ہندوستانی ٹیم نے جہاں مقابلہ کا انتہائی شاندار آغاز کیا وہیں شیکھر دھون جنہوں نے وارنر کا ایک مشکل کیچ پکڑا تھا کچھ دیر بعد واٹسن کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا ۔ واٹسن کو جس وقت یہ موقع ملا اس وقت وہ 37 رنز بناکر کھیل رہے تھے ۔ ہندوستان کیلئے اومیش یادو نے 20 اوورس میں 69 رنز اور محمد سمیع نے 17 اوورس میں 55 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ٹیم میںموجوداسپینر روی چندرن اشون نے 27 اوورس میں 60 رنز دیکر واٹسن کی وکٹ حاصل کی ۔ ہندوستان کیلئے کے ایل راہول کو روہت شرما کے مقام پر کیرئیر کے آغاز کا موقع دیا گیا۔