اسمتھ کی شاندار سنچری، آسٹریلیا نے سیریز جیت لی

ملبورن ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک جانب ہندوستان کے خلاف 4 ڈسمبر کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں مستقل کپتان مائیکل کلارک کی عدم دستیابی پر نوجوان بیٹسمین اسٹیون اسمتھ کو اس ٹسٹ مقابلہ کیلئے کپتان بنانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے تو دوسری جانب آج یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف منعقدہ چوتھے ونڈے میں اسمتھ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ آسٹریلیا نے 49 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز اسکور کرتے ہوئے 5 مقابلوں کی سیریز میں 3-1 کی ناقابل شکست سبقت حاصل کرلی ہے۔ اسمتھ نے 112 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 104 رنز اسکور کرنے کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیوویڈ کے ہمراہ چھٹی وکٹ کیلئے 121 رنز شاندار پارٹنر شپ ایسے وقت نبھائی جب آسٹریلیائی ٹیم 98 رنز کے مجموعی اسکور پر اپنی 5 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ ویڈ نے 59 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے لیکن ٹیم کو درکار آخری تیز رفتار رنز سے جیمس فالکنر نے اسکور کئے جنہوں نے 19 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 34 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ اسٹین اور پارنل نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ قبل ازیں کپتان اے بی ڈی ولیرس کی جانب سے 88 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے بنائے گئے 91 رنز کی بدولت جنوبی افریقہ نے 267/8 کا اسکور بنایا تھا۔