اسمتھ کی ریکارڈ سنچری، ملبورن ٹسٹ ڈرا کی سمت گامزن

اظہر علی سر پر
گیند لگنے سے زخمی

ملبورن۔29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)میزبان کپتان اسٹیون اسمتھ کی سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں برتری حاصل کر لی ہے لیکن بارش کی مسلسل مداخلت کے سبب میچ ڈرا کی سمت گامزن ہے۔ملبورن میں میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے اپنی اننگز 278 رنز دو کھلاڑی سے دوبارہ شروع کی تو دن کی ابتدا میں ہی پاکستان کو عثمان خواجہ کی شکل میں اہم کامیابی ملی جو 97 رنز بنانے کے بعد نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔اس موقع پر امید تھی پاکستانی ٹیم یکے بعد دیگرے وکٹیں لے کر میچ میں واپس آ جائے گی لیکن اسمتھ نے نئے بیٹسمین پیٹر ہینڈزکومب کے ساتھ 92 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا۔ہینڈز کومب کی اننگز 54 رنز پر ختم ہوئی تو نک میڈنسن بھی 22 رنز سے زیادہ نہ بنا سکے اور یاسر شاہ کی وکٹ بن گئے۔میتھیو ویڈ بھی ٹیم کی بہتر موقف کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور نو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے لیکن دوسرے سرے پر موجود اسٹیون اسمتھ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی 17ویں سنچری مکمل کی اور یہ ان کی ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر باکسنگ ڈے ٹسٹ میں لگاتار تیسری سنچری ہے جہاں اس سے قبل وہ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ میچوں میں بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔اس اننگز کے ساتھ ہی انہوں نے رواں سال اپنے ہزار رنز بھی مکمل کر لئے  ہیں اور لگاتار تیسرے سال یہ کارنامہ انجام دیا۔جب بارش کے سبب کھیل کو چائے کے وقفے سے قبل روکا گیا تو آسٹریلیا نے چھ وکٹ کے نقصان پر 465 رنز بنالئے تھے اور اسے مجموعی طور پر مقابلے میں 22 رنز کی سبقت حاصل ہوئی ہے۔ اسمتھ 100 اور مچل اسٹارک سات رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض، سہیل خان اور یاسر شاہ نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔بارش کے سبب میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور چوتھے دن کے اختتام تک آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 22 رنز کی برتری حاصل ہے اور دونوں ٹیموں کی باقی ایک ایک اننگز کو دیکھتے ہوئے اس میچ کے ڈرا ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

 

ملبورن۔29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے پاکستانی اوپنر اظہر علی فیلڈنگ کے دوران سر پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے ہیں۔ملبورن ٹسٹ کے چوتھے روز شارٹ لیگ پر فیلڈنگ کرتے ہوئے اظہر علی کے سر پر گیند لگ گئی لیکن ہیلمٹ پہننے کی بدولت اظہر بڑے زخم  سے تو بچ گئے تاہم میتھیو ویڈ کے شاٹ کی شدت  کی وجہ سے وہ کافی دیر تک زمین سے اٹھ نہ سکے۔ نائب کپتان کا پاکستانی اور آسٹریلین طبی عملے نے معائنہ کیا جس کے بعد انہیں میدان  سے باہر لیجانے کا فیصلہ کیا گیا۔پاکستانی ٹیم کے میڈیا مینجر امجد بھٹی کے مطابق اظہر زخم کے بعد آرام کررہے ہیں اور خوش قسمتی سے ان کو چوٹ نہیں آئی اور ہیلمٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔اس موقع پر میتھیو ویڈ نے ان کی خیریت دریافت کی اور اظہر کے پویلین لوٹنے پر میدان میں موجود تماشائیوں  نے ان کی ہمت افزائی کی۔گیند اظہر علی کے سر سے ٹکرانے کے بعد بابر اعظم کے ہاتھوں میں محفوظ ہو گئی لیکن ویڈ کو آؤٹ قرار نہیں دیا گیا کیونکہ کرکٹ کے قوانین کے تحت اگر گیند فیلڈر کے ہیلمٹ سے ٹکرا جائے تو اسے ‘ڈیڈ بال’ قرار دیا جاتا ہے اور کھلاڑی کو ناٹ آؤٹ قرار دیا جاتا ہے۔