اسمتھ آئی پی ایل سے ورلڈ کپ میں بہتر مظاہرے کے خواہاں

میلبورن ۔22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے سابق کپتان اسمتھ نے کہا کہ وہ آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ سے پہلے پھر سے اپنے پرانے انداز میں لوٹنا چاہتے ہیں۔ اسمتھ اور ان کے ساتھی نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر مارچ میں جنوبی افریقہ میں گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے معاملہ کی پاداش میں ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ آئی پی ایل سے پہلے ان پر عائد پابندی ختم ہوجائے گی۔ جنوبی افریقہ سے لوٹنے کے بعد اسمتھ پریس کانفرنس میں رو پڑے تھے۔ اس کے بعد انہوں اب پہلی مرتبہ صحافیوں کا سامنا کیا۔ اسمتھ نے کہا کہ اب جس طرح سے ونڈے میچ کھیلے جارہے ہیں ، وہ ایک طرح سے ٹی 20 کی ہی بڑی شکل لگ رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ تیاری کیلئے اچھا طریقہ ہے اور آئی پی ایل دنیا کے سب سے بڑے ٹورنمنٹوں میں سے ایک ہے۔ اسمتھ نے پابندی کے دوران کئی ٹی 20 مقابلوں میں حصہ لیا تاکہ وہ اپنی فارم میں برقرار رہیں۔ اس درمیان وہ کناڈا اور کیریبیائی ممالک میں بھی کھیلے۔ آئی پی ایل اپریل اور مئی میں ہوگا جبکہ ورلڈ کپ انگلینڈ میں 30 مئی کو شروع ہوگا۔ اسمتھ نے کہا کہ مجھے بنگلہ دیش لیگ میں کھیلنا تھا ، لیکن مجھے نہیں معلوم کہ ابھی وہاں کیا ہورہا ہے۔ اس کے بعد پاکستان لیگ اور آئی پی ایل میں کھیلنا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر مجھے منتخب کیا جاتا ہے ، تو ورلڈ کپ کیلئے یہ اچھی تیاری ہوگی۔