اسمتھ ، مک کلم کی مدد سے چینائی کی لگاتار تیسری جیت

ممبئی ، 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اوپنرز ڈوین اسمتھ اور برینڈن مک کلم نے محض 44 گیندوں میں 109 رنز کی دم بخود کردینے والی رفاقت نبھائی جبکہ چینائی سوپر کنگس نے ممبئی انڈینس کو آج یہاں چھ وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے جاریہ آئی پی ایل کرکٹ ٹورنمنٹ میں اپنی لگاتار تیسری جیت درج کرائی۔ ممبئی ٹیم ناقص شروعات کے بعد سنبھل کر 183/7 اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی لیکن اسمتھ (62 رنز ، 30 گیندیں) اور مک کلم (46 رنز ، 20 گیندیں) نے یقینی بنادیا کہ چینائی ٹیم اپنا ٹارگٹ 20 گیندیں قبل ہی حاصل کرلے۔ واحد بولر جو بڑے اسکور والے اس میچ میں سب سے نمایاں گیندبازی کئے وہ آشش نہرا رہے جنھوں نے اپنے چار اوورس میں 23 رنز کے عوض تین وکٹیں لئے۔ انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سریش رائنا (43*) اور ڈوین براوو (13*) نے مہمانوں کو کامیابی تک پہنچایا جبکہ دونوں خطرناک اوپنرز ایک ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے تھے، لیکن تب تک وہ وانکھیڈے میں شائقین کو اپنی کراری بیٹنگ کے ذریعے کافی محظوظ کرچکے تھے۔ قبل ازیں ممبئی کی طرف سے کپتان روہت شرما (50) اور کیرن پولارڈ (64) نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کرنے کے بعد سب سے زیادہ رنز بنائے۔