اسمتھ، ڈویلیئرز اور آفریدی کا پی ایس ایل کیلئے انتخاب

لاہور۔20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ ٹورنمنٹ پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لئے ڈرافٹ جاری ہیں۔ پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کے ڈرافٹ سے قبل تمام فرینچائزز کے مالکان کو اعزاز سے نوازا گیا۔ڈرافٹ کی پلاٹینیم زمرے میں سب سے پہلے موقع لاہور قلندرز کو ملا جنہوں نے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز کو اپنی ٹیم میں منتخب کرلیا۔ پلاٹینین زمرے میں ہی چھٹی ٹیم نے آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو منتخب کرلیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈووین براوو، لاہور قلندرز نے محمد حفیظ ، پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ کو خریدا۔ سابق کپتان مصباح الحق کو بھی پی ایس ایل میں جگہ مل گئی اور پشاور زلمی نے ڈائمنڈ زمرے میں انہیں خریدا ہے ۔ ڈائمنڈ زمرے میں لاہور قلندرز نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے آخری اوور میں 4چھکے لگانے والے ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ کو خرید لیا ۔ ڈائمنڈ زمرے میں چھٹی ٹیم نے انگلینڈ کے جو ڈنلے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے این بیل، لاہور قلندرز نے کورے اینڈرسن کو خریدا۔