اسمبلی میں اہم مسائل پر ٹی آر ایس حکومت کا ٹال مٹول

حکومت پر عوام کی توجہ ہٹانے کا الزام، بی جے پی قائد کے لکشمن کا بیان
حیدرآباد 30 نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی نے آج کہاکہ ٹی آر ایس حکومت نے تلنگانہ اسمبلی کے ابھی ابھی ختم ہوئے بجٹ سیشن کے دوران اہم مسائل بشمول برقی بحران اور کسانوں کے مسائل پر ٹال مٹول سے کام لینے کی کوشش کی اور حیلے بہانے کئے۔ اسمبلی میں بی جے پی کے فلور لیڈر کے لکشمن نے یہاں میڈیا کے نمائندوں سے کہاکہ حکومت نے کئی مسائل پر ٹال مٹول سے کام لینے کی کوشش کی۔ اس نے برقی بحران، کسانوں کے قرضہ جات کی معافی اور دیگر مسائل پر واضح موقف اختیار نہیں کیا۔ ریاستی حکومت کسانوں کو فصلوں کی کاشت پر بھروسہ نہیں دے سکی۔ تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کا کل اختتام ہوا۔ مسٹر لکشمن نے الزام عائد کیاکہ حکومت نے وزراء کی فصاحت بھری تقریروں کے ساتھ بڑے مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی۔ انھوں نے یہ بھی الزام عائد کیاکہ حکومت نے سوشیل سکیورٹی پنشنس، پی ڈی ایس راشن کارڈس اور دیگر کے لئے فنڈس میں کمی کردی۔