ڈاکٹر ونئے کانگریس امیدوار کی عوام سے ملاقات، ووٹ دینے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے امیدوارڈاکٹر ونئے نے کہا کہ اگر وہ کامیاب ہوتے ہیں تو اسمبلی حلقہ مشیرآباد کو مثالی حلقہ میں تبدیل کریں گے۔ مشیرآباد کے مختلف مقامات پر عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ڈاکٹر ونئے نے کہاکہ کانگریس سیکولر نظریات رکھنے والی جماعت ہے۔ سیکولرازم کے استحکام اور جمہوریت کی بقاء کیلئے کانگریس ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ اقلیتوں کی ترقی کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ تلگودیشم اور بی جے پی نے اتحاد کرتے ہوئے سیکولرازم کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ تلگودیشم پارٹی علاقہ تلنگانہ اور حیدرآباد میں عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے۔ وعدے کے مطابق علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیتے ہوئے کانگریس نے عوام کا بھروسہ جیت لیا ہے۔ لمحہ آخر تک تلگودیشم پارٹی نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو روکنے کی کوشش کی ہے
مگر وہ ناکام ہونے کے بعد فرقہ پرست بی جے پی سے اتحاد کیا ہے مگر عوام بالخصوص اقلیتیں باشعور ہے۔ وہ اس غیراخلاقی مفاد پرستانہ اتحاد کو قبول نہیں کریں گے اور تلگودیشم کے تائیدی بی جے پی امیدوار ڈاکٹر لکشمن کو شکست دیتے ہوئے شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور ترقی دینے کیلئے کانگریس کو کامیاب بنائیں گے۔ نریندر مودی نے حیدرآباد پہنچ کر اشتعال انگیزی کرنے کی کوشش کی ہے اور جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم اقلیتیں گجرات فسادات کو ہرگز فراموش نہیں کرتے۔ ڈاکٹر ونئے نے کہا کہ ملک کو آزادی دلانے والی کانگریس پارٹی نے ہی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے اور علحدہ تلنگانہ ریاست کو کانگریس ہی ترقی دے سکتی ہے کیونکہ کانگریس ایک ویژن رکھنے والی جماعت ہے۔ کانگریس کا انتخابی منشور اس کا ثبوت ہے۔ ٹی آر ایس دھوکہ باز جماعت ہے۔ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے کانگریس سے کئے گئے وعدے کو نہیں نبھایا۔ دلتوں سے کئے گئے وعدے سے انحراف کیا۔ مسلمانوں سے کئے گئے وعدے پر کیسے بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔