اسمبلی حلقہ بودھن سے شیوسینا انتخابات میں حصہ لے گی

بودھن۔/9 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ سے تعلق رکھنے والے شیوسینا پارٹی کے رکن اسمبلی ہنمنت پاٹل نے یہاں بودھن میں ان کی پارٹی کے بوتھ کمیٹی کے عہدیداروں سے مخاطب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی بودھن سے شیوسینا اپنا امیدوار میدان میں اُتارے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی 80 فیصد عوامی فلاحی کاموں میں حصہ لیتی ہے اور صرف 20 فیصد سیاست کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کا امیدوار پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مجوزہ انتخابات میں حلقہ اسمبلی بودھن سے ان کی پارٹی گوپی کشن ضلع سکریٹری کو اپنا امیدوار نامزد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا کی جانب سے چلائی گئی تحریک کے بعد ہی مہاراشٹرا میں گاؤ کشی پر پابندی عائد کردی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا بودھن حلقہ اسمبلی کے راستہ تلنگانہ اسمبلی میں قدم رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد شیوسینا کے سینئر قائد اودے ٹھاکرے انتخابی دورہ پر بودھن پہنچیں گے۔ ہمنت پاٹل کے ہمراہ دھرماآباد ایم ایل اے کے فرزند وکرم بھی موجود تھے۔