اسمبلی انتخابات : راجستھان میں الیکشن کمیشن کا دعوی کھوکھلا ثابت ہوا ، ای وی ایم خراب ہونے سے ووٹرس کا ہنگامہ

ا نچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات اپنے آخری مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ جمعہ کو راجستھان کی 199 سیٹوں اور تلنگانہ کی 119سیٹوں کیلئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں جبکہ راجستھان کے الور ضلع کی رام گڑھ سیٹ سے بی ایس پی امیدوار کے انتقال کی وجہ سے وہاں ووٹنگ نہیں ہورہی ہے۔

تلنگانہ میں کل 119 سیٹوں کیلئے صبح سات بجے سے ووٹنگ شروع ہوچکی ہے۔ یہاں کی نکسل متاثرہ 13 سیٹوں پر شام چار بجے اور باقی سیٹوں پر شام پانچ بجے تک ووٹنگ ہوگی ۔ وہیں راجستھان میں صبح آٹھ بجے سے ووٹنگ شروع ہوئی ، جو شام پانچ بجے تک چلے گی ۔

ہیں کئی جگہوں پر ووٹرس لسٹ سے نام غائب ہونے اور ای وی ایم میں خرابی کی شکایتیں بھی آرہی ہیں ۔ تلنگانہ کے حیدرآباد میں ووٹرس لسٹ میں اپنا نام نہیں ہونے کی وجہ سے بیڈمنٹن اسٹار جوالا گٹا ووٹ نہیں کرپائیں ۔ جوالا گٹا نے ٹویٹر پر اس بات کو لے کر ناراضگی بھی ظاہر کی ہے۔

وہیں راجستھان کے جے پور ، کوٹہ ، باڑمیر ، راوتسر اور جھنجھنو سمیت کئی دیگر اضلاع میں تقریبا 30 ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشینیں خراب ہونے کی خبریں ہیں۔ الیکشن کمیشن کے افسران کا کہنا ہے کہ جہاں کہیں بھی مشینوں میں تکنیکی گڑبڑی کی اطلاع مل رہی ہے ، ان کو فوری طور پر درست یا تبدیل کیا جارہا ہے۔