حیدرآباد۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پن اسٹرائیک نیشنل کارپوریٹ بولنگ ٹورنمنٹ 2018ء کے تقسیم انعامات تقریب میں سابق ہندوستانی کرکٹ سچن تنڈولکر نے شرکت کرکے تقریب کی رونق میں اضافہ کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسماش سنٹر کا افتتاح بھی کیا۔ پن اسٹرائیک نیشنل بولنگ ٹورنمنٹ کا اسماش کے تمام سنٹروں پر انعقاد عمل میں لایا گیا جبکہ فائنل حیدرآباد میں کھیلا گیا تھا۔ ٹورنمنٹ نے پورے ملک سے کارپوریٹ سیکٹر کے رسپانس کو حاصل کیا۔ اس مقابلے میں مختلف کارپوریٹ ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ اسماش نے نہ صرف یہ کہ چمپین ٹیم کو ماہر کرکٹر کے ہاتھوں انعامات سے نوازا بلکہ ان کیساتھ بولنگ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ اسی دوران سچن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسماش کرکٹ اور تفریح کو ملک میں فروغ دے رہا ہے اور میں اس کا حصہ ہونے پر خوشی محسوس کررہا ہوں‘‘۔ اسماش انٹرٹینمنٹ کے ڈائریکٹر وجیندر ٹلا نے بتایا کہ اسماش کے 5 سنٹر حیدرآباد میں اور 9 سنٹر جنوبی ہند کے دیگر شہروں میں ہیں۔