دبئی ۔ /3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک نئے تحقیقی مطالعے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسمارٹ فون استعمال کرنے کی لت دماغ میں خطرناک نوعیت کے خلل کا سبب بن سکتی ہے ۔ برطانوی اخبار ’’دی انڈیپینڈینٹ‘‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق محققین کے سامنے یہ بات آئی ہے کہ اسمارٹ فون اور سوشیل میڈیا کو نشے کی حد تک استعمال کرنا دماغ کی کارکردگی کو نقصان پہنچا سکتا ہے ۔ اس کے نتیجے میں کیمیائی خلل سے انسان کے اندر شدید تشویش (ڈپریشن) اور تھکن کی حالت جنم لے سکتی ہے ۔ تحقیقی مطالعے میں انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کی لت میں مبتلا 19 نوجوانوں کو شامل کیا گیا ۔ ان کی حالت کا موازنہ ایک دوسرے گروپ سے کیا گیا جس میں اسی جنس اور عمر کے ایسے افراد شامل کئے گئے جو انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کی لت میں مبتلا نہیں تھے ۔ اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کی لت میں مبتلا افراد کا ایک ٹیسٹ کیا گیا جس کا نام MRS ہے ۔ اس ٹیسٹ میں دماغ کے کیمیائی عمل کا تجزیہ کیا جاتا ہے ۔ اس دوران مطالعے میں شامل محققین نے (Gamma aminobutyric acid) (GABA) کی سطح کی پیمائش کی جو دماغ میں اشاروں کی رفتار سست کردینے والا کیمیکل ہے ۔ محققین کے سامنے یہ بات آئی کہ اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کی لت میں مبتلا افراد کے اندر GABA کے مقابل ایک دوسرے اہم نیورو ٹرانسمیٹر کا تناسب صفر نکلا ۔ محققین اس نتیجے پر پہنچے کہ مذکورہ امر ان افراد کے دماغ کو گہری حد تک متاثر کرسکتا ہے ۔ تحقیق کا خلاصہ یہ بیان کیا گیا کہ اسمارٹ فون کے استعمال کی لت نے انسانی دماغ کی تخلیقی صلاحیت اور نیند کے فرائض کو تباہ کردیا ہے ۔