اسمارٹ شہروں کیلئے اسکیمات کو قطعیت : وینکیا نائیڈو کا بیان

وجئے واڑہ 30 مئی ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ مرکزی حکومت جامع ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کے ذریعہ ملک میں 500 اسمارٹ شہروں اور ٹاؤنس کو ترقی دینے اسکیمات کو قطعیت دینے کے عمل میں ہے ۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات نے کہا کہ ان کی وزارت کی جانب سے پانچ سو شہروں اور ٹاونس کو اسمارٹ شہر کے طرز پر ترقی دینے کیلئے اسکیمات کو قطعیت دی جا رہی ہے ۔ یہ کام جامع ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کے ذریعہ کیا جائیگا ۔ بی جے پی لیڈر یہاں ایک کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شہروں کو ملک کی معاشی ترقی کا ذریعہ بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں جملہ دو کروڑ مکانات تعمیر کئے جائیں گے تاکہ غریبوں کو بھی شہری علاقوں میں ہاوزنگ کی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت این ڈی اے دور حکومت میں ترقی کی سمت سفر کر رہی ہے اور جملہ گھریلو پیداوار کی شرح بھی فی الحال 7.3 فیصد تک پہونچ گئی ہے ۔