بھوپال۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود یہاں اسپورٹس اینڈ یوتھ ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹوریٹ (ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم) کے سامنے اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ہورہی تعمیرات کو کانگریس نے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس پر فوری طور پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ریاستی کانگریس کی جانب سے اس سلسلے میں ریاست کے چیف الیکشن کمشنر سے شکایت کی گئی ہے جس میں تعمیرات کام فوری طور پر بند کرنے اور قصوروار افسران، ملازمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کی جانب سے ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم کے مین گیٹ کے سامنے پارکنگ کی جگہ پر ہاٹ بازار تعمیر کیا جارہاہے ۔ یہ تعمیراتی کام ووٹروں کو متاثر کرنے کے مقصد سے کیا جارہا ہے جس کے ذریعہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بھی ہورہی ہے ۔