جمیکا، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بیٹسمن اینڈرے فلیچر پر ہتھیار برآمد ہونے کے جرم میں جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ فلیچر کے قبضے میں اسلحہ پائے گئے تھے جس کے باعث گزشتہ ہفتے انہیں ڈومینیکا کے چارلس ڈگلس ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پیر کو مجسٹریٹ کے سامنے انہوں نے اپنے جرم کا اقرار کیا جس کے بعد اُن پر 740.75 امریکی ڈالر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ وکٹ کیپر بلے باز کی ڈومیسٹک ٹیم ون ورڈرز آئی لینڈ کے منیجر نے بتایا کہ جرمانہ ادا کیا جا چکا ہے اور ہم فلیچر کو ڈومینیکا کو آرام کی غرض سے باہر بھیجنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلیچر ایرپورٹ میں داخل ہوتے وقت ہتھیار کے حوالے سے لاعلم تھے اور ان کا مجرمانہ کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں تھا، انہیں اسلحے کے حوالے سے علم ہی نہیں تھا اور یہ کسی کے بھی ساتھ ہو سکتا ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز اب تک 15 ایک روزہ اور 22 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور انہوں نے آخری مرتبہ جنوری میں ڈربن کے مقام پر جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔