اسلام کے بنیادی ارکان میں نماز سب سے اہم عبادت

ایم جی اے کا نماز کی فضیلت پر پروگرام ، محترمہ صابرہ اعجاز کا خطاب

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( فیکس ) : مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے خواتین و طالبات کے لیے ایک خصوصی پروگرام بعنوان ’ نماز کی فضیلت ‘ 5 اپریل کو شانتی نگر میں منعقد ہوا ۔ محترمہ صابرہ اعجاز نے خواتین وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو دنیا میں اس لیے بھیجا ہے کہ وہ اللہ کی بندگی کرے اور اس کی مرضی کے مطابق دنیا کو آباد کرے ۔ اس کی ہدایت کو اپنائے اور اس کے حکم کو نافذ کرے ۔ انہوں نے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام کے بنیادی ارکان میں نماز سب سے اہم عبادت ہے ۔ نماز برائیوں ، بے حیائیوں سے بچاتی ہے ، نماز اللہ سے ملاقات ہے ، نماز مکمل بندگی ہے ۔ انسان جب خشوع و خضوع سے نماز پڑھتا ہے تو اللہ تعالیٰ محبت سے اس کی عبادت کو دیکھتا ہے ۔ نماز جنت کی کنجی ہے ۔ جب بندہ نماز کے لیے کھڑا ہوتا ہے تو گویا وہ اللہ سے ملاقات کررہا ہے اور جب نماز میں اذکار و تسبیحات پڑھتا ہے تو اپنے رب سے ہمکلام ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نماز انفرادی عبادت کے ساتھ ساتھ اجتماعی عبادت ہے اللہ تعالی نے قرآن کریم میں کئی جگہ پر نماز قائم کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جو نماز تنہا پڑھ لی جاتی ہے اسے نماز قائم کرنا نہیں کہتے ۔ نماز اسی وقت قائم ہوتی ہے جب مسجد میں جماعت کے ساتھ پڑھی جائے ۔ آپؐ نے فرمایا : ’ اگر تم نے نمازیں اپنے گھروں میں پڑھ لیں اور مسجدوں کو چھوڑ دیا تو تم نے اپنے نبیؐ کی سنت کو چھوڑ دیا ۔