یو آئی آر سی کے 15 روزہ دعوتی تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب سے طلباء کا خطاب
حیدرآباد۔25 مئی(پریس نوٹ)ہر انسان تک اللہ سبحانہ تعالی کا پیغام پہنچاتے ہوئے ہی مخالف ماحول کو ہم اپنے حق میں کرسکتے ہیں ۔ طلباء نے ان خیالات کا اظہار ’’دعوت دین کی تربیت مکمل کرنے پر‘‘ کیا۔ ان طلباء نے کہا کہ اللہ سبحانہ تعالی نے جو ذمہ داری ہم کو سونپی ہے ‘اُس کو ادا کرتے ہوئے ہی نہ صرف ہم اپنے تمام مسائل حل کرسکتے ہیں بلکہ اسلام کے تعلق سے پھیلائی گئی غلط فہمیوں کو بھی ختم کرسکتے ہیں۔اس تربیتی پروگرام کے دوران یو آئی آر سی کے صدر برادر شفیع‘ جنرل سکریٹری برادر سراج الرحمن ‘ جوائنٹ سکریٹری برادر الیاس ‘ نائب صدر محمد خضر اور دیگر ماہرین نے 60 سے زائد تربیت کنندگان کی صلاحیتوں کو اس انداز میں نکھارا کہ یہ طلباء اب اسٹیج سے بھی ہزاروں لوگوں کو مخاطب کرسکتے ہیں۔انشاء اللہ۔ جہاں ایک طرف ان طلباء کو قرآن مجیداور صحیح احادیث کی روشنی میں مکمل اسلام کی تربیت دی گئی وہیں انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ وہ باطل مذہبی کتابوں سے کس طرح اللہ کی وحدانیت اور محمد ؐکی رسالت کو ثابت کرسکتے ہیں۔ اس پروگرام میں ایسے 11 نوجوانوں نے بھی شرکت کی تھی جنہوں نے حال ہی میں اسلام قبول کیا تھا۔