اسلام کا پیغام انسانوں تک پہنچانا مسلمانوں کی ذمہ داری

بیدر۔/5اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا اطہر اللہ شریف امیر جماعت اسلامی ہند حلقہ کرناٹک نے کہا کہ ہم میں سے ہر شخص اس بات کا ذمہ دار ہے کہ وہ جہاں برائی دیکھے اس کو ختم کرنے کے لئے جدوجہد کرے۔ موصوف بیدر میں جماعت اسلامی ہند بیدر کے زیر اہتمام منعقدہ عید ملن پروگرام کو مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہے تو ملک سے ہر برائی کا خاتمہ کرسکتی ہے جس کے لئے اس کو سنجیدہ فکر ہونے کی ضرورت ہے۔ مولانا مونس کرمانی نے کہا کہ اسلام کا پیغام تمام انسانوں تک پہنچانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ جماعت اسلامی ہند قرآن و سنت کی روشنی میں اسلام کے پیغام کو تمام بندگان خدا تک پہنچانے کا کام کررہی ہے۔ مولوی محمد فہیم الدین رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند نے کہا کہ ہم سب خدا کے بندے ہیں اور آدم و حوّا کی اولاد ہیں، ہم سب کو چاہیئے کہ جنت میں جانے والے اعمال اختیار کریں۔ انہوں نے تمام حاضرین جلسہ کو آخرت کی یاد دلائی۔ جناب محمد رفیق گاوگی نے سورہ رحمن کی منتخب آیات سے استدلال کرتے ہوئے کہا کہ اس کائنات کی تخلیق انتہائی متوازن انداز میں ہوئی ہے۔ لہذا انسان کو چاہیئے کہ زندگی میں توازن برقرار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اطاعت اور فرمانبرداری ہی مسلم کی پہچان ہے۔ شری ملند گروجی صدر بدھسٹ سوسائٹی کرناٹک نے کہا کہ آج کے پراگندہ ماحول میں اسلامی تعلیمات کی سب کو ضرورت ہے۔ انہوں نے باآواز بلند کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے کہا کہ اس سے دل کو سکون ملتا ہے۔ گیانی دربارہ سنگھ منیجر پربندھک کمیٹی گردوارہ سری نانک جھرہ صاحب بیدر نے مختلف دوہوں کے حوالے سے کہا کہ خدا ایک ہے۔ بسوا شری سدرام بیلدار نے کہا کہ اسلام ایک پاکیزہ مذہب ہے، نماز، روزہ اور زکوٰۃ، امن و شانتی کے ذرائع ہیں۔ شری گرپداپاناگمار پلی رکن اسمبلی بیدر نے جماعت اسلامی کی جانب سے عید ملاپ پروگرام میں تمام طبقات کے قائدین کو مدعو کرکے اظہار خیال کا موقع فراہم کئے جانے کے اقدام کو قابل ستائش قرار دیا۔ قاضی ارشد علی سابق رکن کرناٹک قانون ساز کونسل، عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات اور شری بھگونت کھوبا رکن پارلیمنٹ بیدر نے بھی مخاطب کیا اور مسلم بھائیوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ جناب محمد معظم امیر مقامی جماعت اسلامی نے خیرمقدمی تقریر کی۔ جناب محمد نظام الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور شکریہ ادا کیا۔