اسلام کا مذاق اڑانے والے جمناسٹ پر پابندی

چار مرتبہ کے اولمپک میڈلسٹ اسمتھ کیخلاف برطانوی ادارہ کا اقدام
لندن، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چار بار کے اولمپک میڈلسٹ برطانیہ کے جمناسٹ لوئیس اسمتھ پر اسلام کا مذاق اڑانے کے الزام میں دو ماہ کی پابندی لگادی گئی ہے ۔ مقامی میڈیا نے گزشتہ ماہ ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں اسمتھ اپنے ساتھیوں کے ساتھ اسلام کا مذاق اڑاتے نظرآرہے ہیں۔ انہوں نے پہلے نماز پڑھنے کی ایکٹنگ کی۔ اس کے بعد زور، زور سے اللہ اکبر کہہ کر چلانے لگے ۔ ویڈیو میں اسمتھ کے ساتھی لیوک کارسن بھی نظرآ رہے ہیں جو اُن کے پیچھے عجیب حرکتیں کر رہے ہیں۔اسمتھ کی اس حرکت کے بعد برطانوی جمناسٹکس نے اُن پر یہ پابندی عائد کی ہے ۔ برطانوی جمناسٹکس نے کہا، ’’لوئیس نے مانا ہے کہ ان کا رویہ مناسب نہیں تھا۔ تادیبی کمیٹی نے الزامات کو صحیح پایا اور ان پر دو ماہ کی پابندی لگادی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ان کے ساتھی لیوک کارسن کو بھی خبردار کیا گیا ہے ۔‘‘ 27سالہ اسمتھ نے ریو اولمپکس میں اپنے ساتھی میکس وٹلاک کے ساتھ پمل ہارس مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ا سمتھ اپنی غلطی کے لئے پہلے ہی معافی مانگ چکے ہیں۔وہ وکٹری پریڈ اور گزشتہ ماہ برمنگھم پیالس میں برطانوی تمغے جیتنے والوں کے لئے منعقدہ اعزازی پروگرام میں حصہ لینے کے بجائے مسجد گئے تھے ۔