اسلام کا دارومدار خدمت خلق کے کاموں پر منحصر :کاظم علی خاں

نئی دہلی؍اورنگ آباد 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام )امبیڈکر نیشنل کانگریس پارٹی کے تحت اورنگ آباد میں شاہ نور میاں درگاہ روڈ پر دلت ،مسلم ،غریب ،بے سہار ا خواتین کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے سیلائی سنٹر اور بیوٹی پالر کا افتتاح الحاج نواب کاظم علی خاں کے بدست عمل میں آیا ۔اس موقع پر پارٹی کے صدر نواب کاظم علی خاں نے دلتوں کے گھر میں کھانا کھاکر پورے ملک کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ مسلمان کبھی بھی اونچ نیچ ،چھوتچھات پر یقین نہیں رکھتے ہیں اور وہ اللہ کی ہر مخلوق سے محبت کرتے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے اس ملک میں کم و بیش ایک ہزار سال تک حکومت کی ہے ۔ تاریخ گواہ ہے کہ مسلمانوں نے کبھی کوئی بھید بھاؤ نہیں بلکہ جو جس مذہب کو مانتا تھا اس کی عزت کی جاتی تھی ۔ہر کسی کو مکمل آزادی حاصل تھی ،دلتوں اور کمزور طبقہ مسلمانوں کے دور حکومت میں امن و امان سے رہتے تھے ۔لیکن افسوس کے آزادہندوستان میں جس طرح دلتوں اور مسلمانوں کے ساتھ بھید بھاؤ کیا جارہا ہے اس سے یہی ثابت ہوتا ہیکہ مسلمان اس دنیا کے لئے رحمت ہیں ۔آج ہماری پارٹی ملک کے کونے کونے میں جاکر خدمت خلق کا کام انجام دیتی ہے ، جگہ جگہ ہماری پارٹی کی طرف سے غریبوں کے لئے سلائی سنٹرقائم ہیں ۔میری تمام دلتوں اور غریب بے سہارا خواتین سے اپیل ہے کہ وہ با عزت طریقے سے زندگی گزارنے کے لئے اس سنٹر میں آئیں اور کورس کرکے سماج میں سر اٹھا کر جینے کا ہنر پیدا کریں ۔