اسلام میں ہر فرد کے ساتھ انصاف کی ترغیب

دارالعلوم محمدیہ عادل آباد کا سالانہ جلسہ، مولانا خضر شاہ کشمیری کا خطاب
عادل آباد /24 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دنیا میں انسان اکثر تین حصوں میں منقسم ہوا کرتے ہیں، جب کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس تفریق کو ختم کرتے ہوئے ہر زبان بولنے والوں کو، گورے اور کالے کا بھید بھاؤ رکھنے والوں کو اور سرحد کی بنیاد پر دوریاں پیدا کرنے والوں کو متحد کیا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا خضر شاہ کشمیری استاد فقہ دارالعلوم دیوبند نے مستقر عادل آباد کے عیدگاہ میدان میں دارالعلوم محمدیہ کے سالانہ جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ انھوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کی روشنی میں خاندانی حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے ماں باپ، بہن، بیوی، بیٹا بیٹی اور خادم ہر ایک کے ساتھ انصاف کو ضروری قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ماں کے قدموں میں جہاں جنت ہے، وہیں باپ کو جنت کا دروازہ کہا گیا ہے، اس طرح دونوں کی خدمت کرنا اور انھیں خوش رکھنا ہر بیٹے کی ذمہ داری ہے۔ اسی طرح بیوی کے حقوق کو پورا کرنے اور اپنی اولاد کو نیک و صالح بنانے کی خاطر بہتر تعلیم و تربیت بھی ضروری ہے۔ قبل ازیں مولانا مصدق قاسمی ناظم تعلیمات ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد نے اپنے خطاب میں دارالعلوم محمدیہ کی کاردگی پیش کرتے ہوئے اس موقع پر آٹھ حفاظ کی دستار بندی کو قابل ستائش قرار دیا۔ مولانا محمد اسلم معتمد مدرسہ نے دارالعلوم کی کار کردگی اور اسے حاصل ہونے والی آمدنی و اخراجات کی تفصیلات پیش کیں۔ جلسہ کی نظامت مولانا اسلام الدین نے کی اور دارالعلوم کے طلبہ نے اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کیا، جس میں محمد سہیل، محمد اعجاز اور محمد جنید نے جہیز کے نام لین دین اور شادی کے موضوع پر دلچسپ مکالمہ پیش کیا، جب کہ محمد جواد حسین، عمر اویس اور محمد جنید نے اردو اور انگریزی زبان میں ’’ملک کی آزادی میں علماء کرام کی قربانیاں‘‘ کے عنوان پر تقاریر کیں۔ جلسہ کا آغاز الیاس خان کی حمد اور عبد الاحد کی نعت سے ہوا۔ صدر جلسہ مولانا محمد عبد القوی نے زکوۃ کے عنوان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مولانا کی دعا پر نصف شب جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔