اسلام میں حقوق اللہ اور حقوق العباد کی بڑی اہمیت

ظہیرآباد میں آئیٹا کا اجلاس، شفیع الدین ایڈوکیٹ کا خطاب
ظہیرآباد۔/8فبروری، ( فیکس ) آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن ظہیرآباد یونٹ کی جانب سے ماہانہ اجلاس بعنوان ’ حقوق انسانی اور اسلام ‘ کا انعقادبمقام عوامی ہائی اسکول ظہیرآباد عمل میں آیا۔ اس اجلاس کا آغاز جناب محمد لئیق احمد جوائنٹ سکریٹری آئیٹا کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا۔ جناب سید یوسف صدر آئیٹا ظہیرآباد نے تمام شرکاء کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے آئیٹا تنظیم کے قیام اور اس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ جناب محمد عبدالقیوم نائب صدر آئیٹا نے نعت شریف پیش کی۔ بعد ازاں حقوق انسانی پر ایک مذاکرہ ہوا جس کے شرکاء خواجہ نظام الدین سکریٹری آئیٹا، محمد ارشد احمد رکن عاملہ تھے۔ مہمان خصوصی جناب محمد شفیع الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی و سماجی، ثقافتی یا معاشی حق سے پہلے اسلام زندہ رہنے کے حق اور انسانی جان کے احترام کو فوقیت دیتا ہے۔ جینے کا حق انسان کو صرف اسلام نے دیا ہے۔ جبکہ وہ انسانی حقوق جن کا تذکرہ مختلف قومی ریاستوں کے دستوروں میں ملتا ہے ان کا اطلاق صرف ان کے شہریوں ہی پر ہوتا ہے۔ اسلام میں حقوق اللہ اور حقوق العباد کی بہت بڑی اہمیت ہے۔ رکن شوریٰ آئیٹا ضلع میدک جناب محمد ناظم الدین غوری نے آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن آئیٹا کے ترجمان سہ ماہی ’ افکار معلم ‘ تنظیم کی جانب سے جاری ہونے والا مجلہ ہے جو اساتذہ کے علمی ، فنی و فکری موقف کا علمبردار ہے اسلامی نظریہ تعلیم کا داعی ہے۔ اخلاقی اقدار کا پاسدار ہے اور اساتذہ کا اخلاقی رہنما ہے۔ جناب شفیع الدین ایڈوکیٹ، جناب محمد معین الدین رکن شوریٰ آئیٹا ضلع میدک، جناب سید یوسف صدر آئیٹا سکریٹری خواجہ نظام الدین، ارشاد احمد رکن عاملہ، عمران خان خازن ، محمد غوث رکن آئیٹا، محمد یوسف خان، یوسف شریف دیگر اساتذہ کے ہاتھوں’ افکار معلم ‘ کی رسم اجراء عمل میں لائی گئی جو کہ سہ ماہی رسالہ ہے، اساتذہ اس کے خریدار بنیں تاکہ اس بامقصد تعمیری رسالے سے فائدہ حاصل کیا جاسکے۔ جناب محمد غوث رکن آئیٹا نے نظامت کی اور اظہار تشکر کیا۔