کورٹلہ ۔ 5فبروری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی ہندشاخ کورٹلہ کی جانب سے برادران وطن میں سیرت النبیﷺ کے پیغام کو پہنچانے کیلئے کورٹلہ ٹاؤن کے مختلف بستیوں میں کارنر میٹنگس کا اہتمام کیا گیا ۔ حیدرآباد کے مہمان مقرر جناب محمد عبدالرشیدنے تلگو زبان میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ ربیع الاول میں حضور نبی کریم محسن انسانیتؐ کو خالق کائنات نے مبعوث فرمایا جو تمام انسانیت کیلئے رحمت اللعالمین بناکر بھیجے گئے ۔ آپؐ کے دنیا میں آنے سے قبل شرک ‘ بت پرستی ‘ شراب نوشی عام تھی ‘ جہالت کا یہ عالم تھا کہ اپنی بیٹیوں کو زندہ درگور کیا جاتا تھا ۔ معاشرہ میں آپؐ نے وحدانیت کی طرف لوگوں کو بلایا ‘ اپنے پیدا کرنے والے اللہ کی بندگی کی طرف راغب کیا ۔ انہوں نے پیارے نبیؐ کے اخلاق و کردار اور لوگوں کو جہنم کی آگ سے بچانے کی جو تڑپ جو پیارے نبیؐ کے پاس تھی اس کو بیان کیا ۔ انہوں نے حدیث کے حوالے سے کہا کہ ’’ وہ شخص مسلمان نہیں جو خود تو خوب پیٹ بھر کر کھائے اور اس کا پڑوسی بھوکا رہ جائے ‘‘ ۔
آپؐ کی سیرت کے واقعات سے ہمیں پڑوسی کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی تاکید کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں ہر طرف بدامنی ‘ قتل و غارت گری ‘ رشوت ستانی ‘ فواحش و منکرات عام ہے ۔ عورتوں کی سماج میں کوئی عزت نہیں ہے ۔ اگر ہم ان برائیوں کا انسداد چاہتے ہیں تو اسلامی نظام کی زندگی کی طرف لوٹنا پڑے گا ۔ اسلام ایک فطری نظام زندگی ہے جس میں تمام مسائل کا حل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں اتاری گئی بلکہ یہ ساری انسانیت کیلئے راہ ہدایت ہے ۔ عبدالرشید نے پیارے نبیؐ کی سیرت کے معاشرتی ‘ سماجی‘ اخلاقی ‘ غیر مسلموں کے ساتھ برتاؤ اور سیاسی واقعات کو بڑے ہی دل نشین انداز میں دوران بیان کیا جس سے غیر مسلم حضرات کافی متاثر ہوئے ۔ اس موقع پر سیرت النبیؐ پر مشتمل تلگو فولڈرس ’’ یہ کون ہے آپ کو معلوم ‘‘ تقریباً ایک ہزار کی تعداد میں غیر مسلموں میں تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر جناب محمد نعیم الدین امیر مقامی ‘ جناب الیاس احمد خان ‘ جناب محمد ظہیر الدین ‘ جناب عبدالمقیم ‘ جناب سید عثمان ‘ جناب عبدالقدیر ‘ جناب محمد رفیع ‘ جناب عبدالرحیم ‘ جناب اصغر علی ‘ جناب چاند پاشاہ ‘ جناب رحمت علی اور دیگر رفقائے جماعت موجود تھے ۔