اسلام میںاطعام طعام کی ترغیب و تاکید

نلدرگ؍ عثمان آباد ۔ 7 جولائی ۔ (فیکس) اہل عرب کی امتیازی خصوصیت مہمان نوازی ہے ۔ ان کے ہاں اگر کوئی مہمان کی خاطر تواضع نہ کرے تو معیوب سمجھا جاتا ہے ۔ اس لئے کہ مہمان کو اﷲ نے اس قابل بنایا کہ وہ مہمان کی ضیافت اور شکم سیری کرسکے باوجود اس کے وہ آمد مہمان پر دل گرفتہ ہوجاتا ہے ۔ مہمان کی آمد پر دل گرفتہ ہرگز نہیں ہوناچاہئے کیونکہ مہمان کا آنا باعث رحمت ہے ۔ جب تک مہمان گھر میں رہتا ہے ملائکہ میزبان کے نامۂ اعمال میں نیکیاں لکھ لیا کرتے ہیں اور اس کے گھر خیر و برکت کا نزول کیا جاتا ہے ۔ مہمان نوازی ایک طرح کی سخاوت ہے اور سخاوت سے آدمی خدا کا قرب اور جنت کا قرب حاصل کرلیتا ہے ۔ جہنم سے دور ہوتا ہے اور مخلوق کے قلوب میں اس کی محبت جاگزیں ہوجاتی ہے ۔ فرمان نبویؐ ہے کہ اﷲ نے بعض بندوں کو مال و دولت سے نوازا تاکہ وہ لوگوں کو فائدہ پہونچاتے رہیں ۔ جو شخص فائدہ پہونچانے میں پس و پیش کرتا ہے اﷲ تعالیٰ اس کی دولت کسی دوسرے کو دے دیتے ہیں۔ حضرت شریحؒ کے دادا نے حضورؐ سے دریافت کیا کہ یا رسول اﷲ مجھ کو ایسا عمل بتائیں جو مجھے جنت کا مکیں بنادے ؟ تو آپ نے فرمایا کہ کھانا کھلاؤ ، سلام کرو اور خوش خلقی سے پیش آؤ یہ تمہاری مغفرت کے اسباب ہیں۔ اسلام نے اطعام طعام کی بہت ترغیب و تاکید کی ہے ۔ حدیث شریف میں کھلانے پلانے اور سلام کرنے کو ایمان کہا گیا اور کھلانے والے کو حج مبرور کی خوش خبری بھی دی گئی ۔ مولانا حافظ و قاری سید مدثر احمد قادری نقشبندی ملتانی حیدرآبادی (فاضل جامعہ نظامیہ و خطیب مسجد آثار شریف کاروان حیدرآباد) نے تنظیم البرکات نلدرگ کی جانب سے جامع مسجد سہیل خاں میں سحر و افطار کے اہتمام کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مولانا نے کہاکہ آج کل مسلمانوں میں کھلانے پلانے کا جذبہ کم ہوتا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی خاطر خواہ آمدنی کے باوجود برکت نظر نہیں آتی ۔ مولانا حافظ و قاری محمد یوسف نظامی ( فاضل جامعہ نظامیہ) نے قرأت پڑھی ۔ مولانا حافظ و قاری سید شبیر نقشبندی ( فاضل جامعہ نظامیہ ) ، مولانا حافظ و قاری سید فرقان علی نقشبندی ( امام و خطیب مسجد ابوالحسنان ملتان محلہ نلدرگ) نے ہدیۂ نعت پیش کیا۔ مولانا حافظ و قاری سید نعمت اﷲ قادری نقشبندی ( امام جامع مسجد نلدرگ) نے فرائض نظامت انجام دیئے ۔ مولانا محمد عبدالحی قادری نقشبندی ( کامل جامعہ نظامیہ و صدر مدرس مدرسہ ابوالحسنات) نے خطبہ استقبالیہ ، مولانا حافظ و قاری سید کوثر پاشاہ جاگیردار (راشٹروادی کانگریس) نے کلمات تشکر پیش کئے ۔ محمد متین ایڈوکیٹ ، بلال بھائی ، شمع بھائی اور وسیم قریشی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر محترم ڈانگے صاحب ( انسپکٹر نلدرگ پی ۔ ایس ) و محترم محسن شیخ ( سب انسپکٹر ) کی گلپوشی کی گئی ۔ اور مولانا حافظ و قاری سید شاہ صوفی شاکر پاشاہ قادری چشتی نظامی ( کامل الحدیث جامعہ نظامیہ ) کی خصوصی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔