اسلام زندگی کے ہر شعبہ میں انسانیت کی رہنمائی کرنے والا مذہب

شہر ورنگل کی یکجہتی کی ستائش :پیس کمیٹی اجلاس سے کمشنر سدھیر بابو کا خطاب
ورنگل 19؍جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ہندوستا ن ایک ایسا ملک ہے جہاں مختلف مذاہب اور عقائد کے ماننے والے رہتے ہیں ۔انسانیت اور انسان نوازی یہاں ہر مذہب کے بنادی اصولوں میں شامل ہے ۔جبکہ قومی یکجہتی ،بھائی چارہ اور آپسی رواداری ہمارے ملک کی روح ہے ۔معاشرہ میں جتنے بھی مذہبی پیشوا گذرے ہیں ان تمام نے انسانوں کے اخلاق سازی اور ان کی روح کی پرورش کا اپنی تعلیمات کے ذریعہ سامان مہیا کیا ہے ۔اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو زندگی کے ہرشعبہ میں انسانیت کی رہنمائی کرتا ہے ۔مسٹر جی سدھیر بابو کمشنر آف پولیس ورنگل نے محکمہ پولیس کی جانب سے وینکٹیشورائو گارڈن ملگ روڈورنگل میں منعقد ہ پیس کمیٹی کے زبردست اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ ورنگل ہمیشہ سے ایک پرامن شہر رہا ہے ۔یہاں کی گنگا جمنا تہذیب مثالی ہے ۔یہاں کے ہندو اور مسلمان بھائی مل جل کر رہتے ہیں ۔ دیکھا جائے تو اس پیس کمیٹی پروگرام کی ضرورت ہی نہیں تھی لیکن پولیس کی اپنی ذمہ داری ہے کہ شہر کو پر امن رکھنے کے لیے اس طرح کی پیس میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ورنگل کابہت نام سنا ہے ۔آپ اس نام کو اسی طرح روشن کریں تاکہ دوسرے اضلاع والوں کے لیے یہ شہر مثالی ہو ۔اور لوگ اس کی تقلید کریں ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی چیف منسٹر کے سی آر ضلع ورنگل کی ترقی کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ورنگل کو گریٹر ورنگل اور پولیس کمشنریٹ کا درجہ فراہم کیا ۔اور یہاں کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو روز گار فراہم ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ بہر حال ہر ایک شخص ایک دوسرے مذاہب کا احترام کریں ۔اس موقع پر حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ نے کہا کہ ورنگل ہمیشہ سے ہندو مسلم اور بھائی چارہ کا گہوراہ رہا ہے ۔یہاں کے ہندو اور مسلمان ایک ددسرے کا احترام کرتے ہیں ۔انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ ورنگل میں گزشتہ میں نہ کبھی کوئی ناگہانی حادثہ پیش آیا ،نہ آیا ہے اور نہ آئے گا ۔یہاں کے لوگ بہت مل جل کر زندگی گزارتے ہیں ۔الحاج ڈاکٹر انیس احمد صدیق صدر شانتی سنگم نے کہا کہ رمضان کا مہینہ عبادت کا مہینہ ہے ۔اور اللہ تعالی کو منانے کا مہینہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ قران مجید ایک ایسی مقدس کتاب جو سارے انسانیت کے لیے اتاری گئی ہے ۔الحاج محمد عبدالسبحان کنوینر ایم آئی ایم نے کہا کہ یہاں کے ہندو مسلم اتحاد کی کہیں مثال نہیں مل سکتی ۔ورنگل میں ہندو مسلم اتحاد کے سبب یہاں کبھی کوئی گڑ بڑ پیش نہیں آیا ۔مولانا محمد فصیح الدین قاسمی ناظم مدرسہ سراج العلوم نے کہا کہ رمضان کا ہر لمحہ مسلمانوں کے لیے اپنی موجود زندگی اور آخرت کی زندگی سنوارنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔بھدراکالی مندری کے پچاری جناب شیشو نے اپنے خطاب کے دوران سورۃ قل پڑھ کر اس کا ترجمہ سناتے ہوئے کہا کہ اللہ ایک ہے ۔اس کا کوئی شریک نہیں ۔نہ کوئی اس کی اولاد ہے ۔اور نہ وہ کسی کی اولاد ۔اسی طرح ہمارے وید میں بھی یہی لکھا ہے کہ تمام دنیا کا ایشور ایک ہی ہے ۔ہم سب پہلے انسان ہیں بعد میں سب کچھ ہیں ۔مولانایوسف زاہد المظاہری نے اس پروگرام کو منعقد کرنے پر محکمہ پولیس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دین سلام سلامتی اور برکتوں والا مہینہ ہے ۔قبل ازیں محمد عبدالسبحان کنوینر ایم آئی ایم ، محمد عبدالحفیظ ،سید مسعود ،محمد غلام منا ،محمد یعقوب پاشاہ ، محمد فاروق ٹی آر ایس قائدین ،محمد محمود سابق فلور لیڈر ، محمد یعقوب کانگریس ،نے کمشنرسدھیر بابو کو گلدستہ پیش کیا ۔اس موقع پر مسلمانوں ،ہندوں ،تمام جماعتوں سے وابستہ قائدین ،ورنگل ،ہنمکنڈہ ،قاضی پیٹ ،مامنور اے سی پیز تمام اربن پولیس اسٹیشنس سے وابستہ سی آئیر ،ایس آئیز اور پولیس ملازمین کی کثیرت تعداد شریک تھی ۔مسٹر ستیا نارائنا سی آئی ملز کالونی پولیس اسٹیشن نے ہدیہ تشکر پیش کیا ۔