اسلام دشمن ریمارکس پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے خلاف کیس

سیرس (کرناٹک) ۔ 2 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اننت کمار ہیگڈے ایک مشکل میں پھنس گئے ہیں کیونکہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑتے ہوئے ان کے ریمارکس پر پولیس نے ازخود فوجداری کا کیس درج کرلیا ہے ۔ یہ کیس اترکنڑاضلع کے سیرس (Siris) ہیں۔ مذہبی جذبات مجروح کرنے اور اشتعال انگیزی پھیلانے کے الزام میں ایم پی کے خلاف درج کرلیا گیا ہے ۔ اتراکنڈا سے 5 مرتبہ منتخب رکن پارلیمنٹ سیرس میں گزشتہ اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں اسلام کو دہشت گردی سے جوڑتے ہوئے متنازعہ ریمارکس کئے تھے، جس کے خلاف مسلم تنظیموں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ۔ فرقہ وارانہ نوعیت سے حساس بھٹکل ٹاؤن میں مسلم احتجاج کرتے ہوئے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ومشی کرشنا کوایک میمورنڈم پیش کیا تھا اور ہیگڈے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ دریں اثناء ضلع  ایس پی کرشنا نے بتایا کہ بھٹکل ٹاؤن میں احتیاطی تدابیر کے طور پر سیکوریٹی کو سخت کردیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں پڑوسی ضلع دکھشنا کنڑا ضلع میں بھی مسلمانوں نے احتجاج کیا ہے جبکہ ریاستی وزیر صحت یو ٹی قادر نے وزیر داخلہ جی پرمیشور سے یہ درخواست کی ہے کہ اسلام کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیان دینے پر ہیگڈے کے خلاف کارروائی کی جائے۔