اسلامی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت

جلسہ میلاد النبیؐ سے قونصلیٹ جنرل ایران محمد ہاگبن گومی اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حضور سرور کائناتؐ کی ذات اقدس نے اسلامی تعلیمات کو عام کرتے ہوئے قرآن کی روشنی میں اللہ کے قانون کو غالب کر دکھانے میں کوئی کسر باقی نہ رکھا ۔ جب کسی قوم سے اسلامی فکر ختم ہوجاتی ہے تو آسانی سے باطل طاقتیں ان پر اپنا قبضہ جمالیتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار محمد ہاگبن گومی قونصلیٹ جنرل ایران متعینہ حیدرآباد نے آج جلسہ میلاد النبیؐ سے کیا ۔ جو قونصلیٹ کے دفتر امام خمینی روڈ بنجارہ ہلز میں منعقد ہوا ۔ اس موقع پر حضرت امام جعفر صادق کی یوم ولات بھی منائی گئی ۔ انہوں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مکہ کی سرزمین پر باطل طاقتوں کو سرنگوں کرنے کی جدوجہد جس طرح نبیؐ اور حضرت سیدنا علیؓ کے دور میں صحابہ کرام ؓ نے کی آج اسی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ایران میں اسلامی انقلاب کے داعی سید آیت اللہ خمینی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ مولانا نثار حسین قادری رکن وقف بورڈ تلنگانہ نے کہا کہ مسلمانوں کے اتحاد میں ایک فولادی قوت اور طاقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آقائے دو جہاں نے ایک ایسی متحد جماعت بنائی جس کو دیکھ کر باطل طاقتوں کے پرخچے اڑنے لگے ۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری نے کہا کہ نبیؐ نے مکہ کی سرزمین پر توحید ، رسالت اور آخرت کے پیغام کو عام کیا ہے جس سے زندگیوں میں تبدیلیاں پیدا ہوگئیں ۔ مولانا سید قبول بادشاہ شطاری نے نبی کریم ؐ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ مولانا سید درویش محی الدین مرتضی پاشاہ نے کہا کہ کائنات کی ہر شئے کو آپؐ کے نور سے منور کیا گیا ہے ۔ نبی ؐ کی تشریف آوری اللہ کا احسان عظیم ہے ۔ مولانا مبشر رضا اور دوسروں نے بھی مخاطب کیا ۔ قاری سید متین علی شاہ قادری کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ جناب تمجید حیدر نے خیر مقدم کیا اور کہا کہ 12 تا 17 ربیع الاول ایران میں ’ ہفتہ وحدت ‘ منایا جارہا ہے ۔۔