محبوب نگر 3 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کئی صحابیات ایسی ہیں جنھوں نے اللہ کے دین کی خاطر اور محبت و اطاعت رسول صلی اللہ علیہ و سلم میں اپنے چار چار بیٹوں کو جامِ شہادت نوش کروایا۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ ناصرہ خانم ریاستی ناظمہ جماعت اسلامی ہند نے مستقر محبوب نگر کے الماس فنکشن ہال میں جماعت اسلامی محبوب نگر کے زیراہتمام خواتین کے جلسہ سیرت النبی ﷺ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے ملت کی ماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو شہداء و صالحین کی ماؤں جیسی بنائیں۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے انھوں نے کہاکہ آنحضرت ﷺ کی ولادت کا مہینہ ہر سال آتا ہے اور اُمت مسلمہ کو دعوت فکر دیتا ہے۔ آج ہماری خواتین اولاد کے لئے ہر قسم کے آسائش و آرائش کا انتظام کرتی ہیں لیکن سیرت کے پہلوؤں کو اُجاگر نہیں کرتیں۔ انھوں نے کہاکہ بہترین اسلامی تربیت ہے اولاد کیلئے سب سے اچھا تحفہ ہے۔ محترمہ ارجمند رضوان معاون ناظمہ نے خواتین کو تلقین کی کہ وہ ایثار و قربانی والے عمل کو پختہ اور مضبوط کریں۔ محترمہ معراج سلطانہ علاقائی ناظمہ نے نبی کریم ﷺ کی سیرت سے اپنے کو عملی طور پر وابستہ کرنے کا مشورہ دیا۔ مقامی ناظمہ فرزانہ بیگم نے سیرت کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ عافیہ مہرین جی آئی او نے بھی مخاطب کیا۔ نسیم سلطانہ کی تلاوت قرآن مجید سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ ضلعی ناظمہ سراج سلطانہ نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ حمیرہ نشاط نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔