اسلامک سنٹر کی ہوگی از سر نو تعمیر ، عالیشان عمارت کا منصوبہ 

نئی دہلی : انڈیا اسلامک سنٹر کلچر سنٹر (آئی آئی سی سی ) کی از سر نو عالیشان عمارت بنانے کا منصوبہ تقریبا تیار ہوچکا ہے ۔ کل سنٹر کی جنرل باڈی میٹنگ میں پانچ منزلہ شاندار عمارت کا نمونہ بھی منظور ہوچکا ہے ۔۴۰؍ کروڑ تخمینہ لاگت والی اس عمارت کیلئے وسائل او رذرائع کی کمی نہیں ہوگی ۔ سنٹر کے سربراہ سراج الدین قریشی کا کہنا ہے کہ سنٹر کی جدید ڈ، مثالی او رعالیشان عمارت کیلئے پیسہ آڑے نہیں آئے گا ۔ جنرل باڈی میٹنگ میں ہی کئی اراکین اور ذمہ داران نے آناً فاناً لاکھوں روپے کی پیشکش کرڈالی ہے ۔

تقریبا دو سال اس عمارت کی تعمیر کیلئے درکار ہوں گے ۔ ملک و بیرون ملک اپنی شہرت رکھنے والے بھارتی مسلمانو ں کے نمائندہ ثقافتی ادارے انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کی موجودہ عمارت بھی غیر معمولی ہے مگر موجو دہ بورڈ اس کی عمارت مزید مثالی بنانے بیڑہ اٹھایا ہے ۔ منصوبہ کے مطابق یہ پانچ منزلہ عمارت ہوگی جس کی دو منزلہ زیر زمین اور تین منزلہ اوپر ہوں گے ۔ اس عمارت میں ۵۲؍ کشادہ کمرے ہوں گے ۔ عمارت میں دو ہزار آدمی کی گنجائش والا ایک کنونشن ہال بھی ہوگا او ر ایک زیر زمین زبر دست پارکنگ یارڈ بھی بنایا جائے گا جو تقریبا دیڑھ سو گاڑیوں کی گنجائش والی ہوگی ۔

اسلامک سنٹر کی جدید عالیشان عمارت میں تقریبا ۴۰؍ کروڑ روپے کا صرفہ ہوگا ۔سنٹر کے سربراہ سراج الدین قریشی نے بتایا کہ وسائل او رذرائع کی کمی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمارت کے منصوبہ پر اراکین او رذمہ داروں میں کتنا جوش ہے اس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ کئی اراکین ا ور عہدیداروں نے پہلے ہی تعمیر ی امداد کا اعلان کرچکے ہیں ۔